ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر سیلاب کا نظارہ

کسی بھی انسان سے محبت اور نفرت کا معیار اللہ تعالیٰ کی رضا ہونی چاہیے۔ اللہ تعالیٰ کی خاطر محبت کی پہچان یہ ہے کہ کسی انسان کی دین داری، علم، کثرت عبادت، حسن اخلاق اور لوگوں کے ساتھ بہترین معاملات کی بناء پر محبت کی جائے اور کسی بھی انسان سے اس کی بے دینی، بداخلاقی، ظاہری کردار اور نظر آنے والی برائیاں جن میں زنا، شراب، سود خوری، لڑائی جھگڑا، گالم گلوچ کی وجہ سے اس سے نفرت کرنا یہ ہے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے نفرت کرنا۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے بہترین انسان وہ ہے جواس کی مخلوق کے لیے بہتر ہواعمال میں اللہ تعالیٰ کے ہاں سب سے پسندیدہ وہ ہیں جن سے مسلمانوں کو خوشیاں ملیں یاان کی تکالیف دور ہوں ،یا ان سے قرض کی ادائیگی ہو،یا ان سے بھوکوں کی بھوک دور ہو۔

رسول مقبولؐ کی حدیث مبارکہ ہے کہ لوگوں میں سب سے بہتر وہ ہے جو لوگوں کو سب سے زیادی نفع پہنچائے خیرالناس کے الفاظ ہیں۔ پیغمبر کائنات ؐ کی ایک اور حدیث مبارکہ ہے کہ بھوکے مسلمان کو کھانا کھلانا مغفرت کو واجب کردینے والے اعمال میں سے ہے، مشکوۃ شریف کی ایک اور حدیث مبارکہ ہے رحمت دوعالمؐ نے فرمایا کہ بہترین صدقہ کسی بھوکے کو پیٹ بھر کے کھانا کھلانا ہے۔ اس موضوع پر بے اشمار احادیث موجود ہیں۔ کسی مظلوم، محکوم، غریب، لاچار، بے بس، بھوکے ، مسکین، یتیم کی مدد کرنا افضل ترین کام ہے اور یہ سب حقوق العباد میں سے ہیں نماز، روزہ، زکوۃ، حج یہ حقوق اللہ ہیں فرمان الٰہی ہے کہ حقوق اللہ (اللہ تعالیٰ کے حقوق)میں رعایت اور معافی ممکن ہے مگر حقوق العباد کے متعلق سختی سے پوچھا جائے گا۔

وطن عزیز میں اس وقت بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کئی دیہات مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں اور کئی علاقے زیر آب آچکے ہیں کئی قیمتی انسانی جانوں کے علاوہ بہت سےدیگر جاندار بھی لقمہ اجل بن چکے ہیں کھیت تباہ ہوگئے ہیں۔ بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ صوبہ بلوچستان اور جنوبی پنچاب متاثر ہوا ہے۔

اس وقت ملک معاشی طور پر تاریخ کے سخت ترین دور سے گزر رہا ہے وسائل کم اور مسائل کی بہتات ہے منہ زور مہنگائی نے غریب کا جینا محال کردیا ہے ۔انسانیت دم توڑ رہی ہے اور ہمارے سیاست دان اپنی ’’کرسی‘‘ کو بچانے کے لیے تمام توانائیاں اور وسائل کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں۔ لاکھوں روپے لگا کر جلسے کیے جارہے ہیں اور بڑی بڑی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔چولستان میں قحط سالی کے بعد بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں اور ادھر انواع اقسام کے کھانوں سے ضیافتیں چل رہی ہیں۔ ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر سیلاب کا نظارہ کرنا اور پانی میں اتر کر لوگوں کی خدمت کرنے میں فرق ہے۔