بلوچستان میں سیلاب! پاک فوج اور ایف سی کی خدمات

اس وقت وطن عزیز میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچارکھی ہے جس میں سب سے زیادہ صوبہ بلوچستان متاثر ہوا ہے جہاں سیکڑوں مکانات منہدم، رابطہ سڑکیں اور پل بہہ گئے ہیں خانہ بدوشوں کی جھونپڑیاں اور مویشی بھی سیلابی ریلے کی نذر ہوچکے ہیں کئی لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کوئٹہ، چمن، لورالانی، قلعہ سیف اللہ، سوئی، ڈیرہ بگٹی، مچھ، لسبیلہ، سبی، ہرنائی، دکی، کوہلو، بارکھان اور ژوب کے علاقے سیلابی ریلوں اور بارشوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ایسی نازک صورتحال میں صوبائی حکومت کے ساتھ ہمیشہ کی طرح مدد کے لیے پاک فوج اور ایف سی صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات سے عوام کو ریلیف فراہم کر نے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیواور بحالی کے آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں، امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقلی کا سلسلہ جاری ہے دوردراز کے علاقوں میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ بیمار افراد کے لیے پاک فوج کی طرف سے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے ان میڈیکل کیمپس میں متاثرہ افراد کے لیے علاج ومعالجہ اور مفت ادویات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ متاثرین کو صحت سے متعلق سہولیات بہم مل سکیں عوام کی مشکلات کے ازالے کے لیے پاک فوج اور ایف سی بلوچستان، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی بھر پور معاونت کررہی ہے سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ بھی لگایا جارہا ہے تاکہ امدادی کاروائیوں میں تیزی لائی جاسکے۔

پاک فوج اور ایف سی کی جانب سے متاثرین میں پکا ہوا کھانا اور ٹینٹس فراہم کیے جارہے ہیں علاوہ ازیں سوگوارخاندانوں میں مالی امداد اور متاثرہ خاندانوں کو مقامی روایات کے مطابق راشن اور ضروری مالی امداد بھی دی جارہی ہے۔ ایف سی بلوچستان نارتھ کی جانب سے قمردین کاریز اور آس پاس کے دیہی علاقوں کی سہولت کے لیے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا جہاں ماہر ڈاکٹرز نے تقریباً 200سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا جن میں 40مرد اور بچوں سمیت 145خواتین شامل تھیں تمام مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں اس میڈیکل کیمپ کا مقصد صحت کی سہولیات سے دور رہنے والی دیہی آبادی کو مفت ادویات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مفت طبی مشورے، علاج، تشخیص کی سہولت فراہم کرنا تھا گائنی کے مریضوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔

سب سے زیادہ متاثرکن واقعہ کوئٹہ کے علاقے کینٹ میں پیش آیا جس نے افواج پاک سے محبت کے جذبے کو اور زیادہ تقویت دی، ایک فوجی جوان نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر بارش میں بجلی کے کھمبے سے چپکے ایک شخص کی جان بچائی زبردست، کتنے مقدس اور محترم ومکرم ہیں یہ لوگ جو اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی جانوں کو بچانا اپنا فرض اول سمجھتے ہیں۔ اللہ رب العزت قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے کہ جس شخص نے کسی ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔

ژوب میں حالیہ ہیضے کی وباء سے بچائو کے لیے سول ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور ایف سی بوچستان نارتھ کی جانب سے متاثرہ مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ایک روزہ فری میڈیکل کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہر ڈاکٹر زنے تقریباً89سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا جن میں مرد خواتین سمیت 100سے زائدمریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں اس کیمپ میں بچوں اور خواتین کو ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کی گئیں ہیں۔ ایف سی بلوچستان نارتھ کی جانب سے ایس او ایس چلڈرن ویلیج کوئٹہ میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہر امراض ڈاکٹرز میڈیکل اسپیشلسٹ ای این ٹی اور Dentistشامل تھے نے مریضوں کا معائنہ کیا اورانہیں مفت ادویات فراہم کی گئی ایس اوایس چلڈرن ویلیج ایک فلاحی ادارہ ہے جوکہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی مفت کفالت اورکرتا ہے اور انہیں مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ رہن سہن کی مفت سہولیات بھی فراہم کرتا ہے ایف سی ہسپتال ایس اوایس چلڈرن ویلیج کوئٹہ کے تمام بچوں اور اسٹاف کو پہلے ہی سے علاج ومعالجہ کی مفت سہولیات فراہم کررہا ہے 150سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات دی گئیں اور اب یہ مفت طبی کیمپ سہ ماہی بنیادوں پر تسلسل سے قائم کیا جائے گا جس میں تمام بچوں، کیئر ٹیکر مدرز سمیت تمام سٹاف کی میڈیکل اسکیننگ کی جائے گی۔ محتاجوں، غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد ومعاونت، حاجت روائی اور دلجوئی کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔

اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو یکساں صلاحیتوں اور اوصاف سے نہیں نوازا بلکہ ان کے درمیان فرق وتفاوت رکھا ہے اور یہی فرق وتفاوت اس کائنات رنگ وبو کا حسن وجمال ہے۔ مسلم شریف کی ایک حدیث کا مفہوم ہے کہ اللہ رب العزت کو وہ شخص زیادہ محبوب ہے جو اس کی مخلوق بندوں کے لیے زیادہ مفید ہو ،اعمال میں اللہ تعالیٰ کے ہاں سب سے زیادہ پسنددیدہ وہ ہیں جن میں مسلمانوں کو خوشیاں ملیں یا انکی تکالیف دور ہوں یا ان سے قرض کی ادائیگی ہو یا ان سے بھوکوں کی بھوک دور ہو ۔ ایک اور حدیث کے مطابق رسول کریم ؐ کا فرمان مقدس ہے کہ بہترین صدقہ کسی بیمار اور بھوکے کو کھانا کھلانا ہے۔ یقین جانیے یہ اللہ کے سپاہی یہ افواج پاک اور ایف سی کے جوان بڑی ہی عزت مرتبہ ومقام والے ہیں جو خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے بڑھ چڑھ کر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں، ملک وقوم کی حفاظت کرتے ہیں بیک وقت اندرونی وبیرونی خطرات سے نبرد آزما ہوتے ہیں یہ لوگ اتنی حرمت والے ہیں کہ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں انکے گھوڑوں کے سموں کی قسم اٹھاتا ہے۔

حقیقت تو یہی ہے کہ اس وقت صوبہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے سے لیکر امن وامان کے قیام اور خدمت انسانیت تک ہر کام میں پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں کا ایک اہم اور مثالی کردار ہے۔ بہت سے احباب کا یہ کہنا ہے کہ میں اپنی افواج کے بارے میں اتنا کیوں لکھتا ہوں تو بات بالکل واضح ہے سیلاب ہوں تو مدد کے لیے فوج، زلزلہ ہو تو مدد کے لیے فوج ،ملک خطرے میں تو محافظ فوج، کروناوباء ہو تو فرنٹ پر فوج ، الیکشن میں بدامنی کا ڈر ہو تو فوج اس لیے ملک وقوم کے محافظوں کے ساتھ محبت کرنا حکم الٰہی بھی ہے اور فرمان مصطفیؐ بھی۔