اقوام متحدہ کےچارٹر کی دھجیاں

عجب روح پرور منظر تھا حضور ﷺ وضو فرمارہے ہیں اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین بڑھ بڑھ کر وہ پانی اپنے ہاتھوں میں لے رہے ہیں جو پانی حضور ﷺ کے ہاتھوں اور چہرہ انور سے گر رہا تھا وہ پانی صحابہ اکرام رضی اللہ عنہم اجمعین اپنے چہروں اور جسموں پر مل رہے تھے اور جن کو وہ پانی نہیں مل رہا تھا وہ ان ہاتھوں کو مس کرکے اپنے جسم اور چہرے پر مل رہا تھا کہ جن کے ہاتھوں میں حضورﷺ کے وضو کا پانی لگ رہا تھا۔۔۔۔۔۔حضور ﷺ گویا ہوئے فرمایا ایسا کیوں رہے ہو؟ صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین نے جواب دیا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی محبت میں ۔۔۔تب اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا کہ اگر تم چاہتے ہو کہ اللہ تم سے محبت کرے اور تم اللہ سے محبت کرو تو یہ تین کام کرو جھوٹ نہ بولو، امانت میں خیانت نہ کرو اور اپنے پڑوسیوں سے اچھا سلوک کرو۔

حضور ختم المرتبت حضرت محمد ﷺ سے ہمیں اللہ کا صحیح تعارف حاصل ہوا آپ ﷺ نے ہی بندوں کو بندوں کے رب کے ساتھ جوڑا قرآن کو نازل ہوتے ہوئے ہم نہیں دیکھا جنت اور جہنم ہم نے نہیں دیکھی قیامت اوراس کی ہولناکیوں کے مناظر آپ ﷺ نے ہمارے سامنے پیش کیے آپ ﷺ پر اعتماد کی وجہ سے ہمیں ایمان کی دولت نصیب ہوئی یہ اللہ تعالٰی اور حضور نبی کریم ﷺ کا انسانیت پر اور خصوصا مسلمانو ں پر احسان عظیم ہے یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالٰی نے کسی اور احسان کو جتلایا نہیں ہے بلکہ اس ایک احسان کو ہی جتلا یا ہے ۔

جہا ں فرضِ بندگی کو ادا کرنے کا طریقہ ہمیں حضور ﷺ سے ملا وہا ں آپﷺ نے انسانوں کے حقوق بھی کس طرح ادا کیے جاتے ہیں، بتایا ہے ۔جس کی نظیر انسانی تاریخ میں نہیں ملتی ۔مندرجہ بالا حدیث اس تناظر میں پیش کی گئی ہے کہ فرانس کے صدر نے جس طرح نعوذ بااللہ اسلام کو ایک بحرانی مذہب قرار دیا ہے اور گستاخی رسول ﷺ کے مرتکب ہوئے ہیں اور ایک سخت متعصبانہ رویہ ساری دنیا کے مسلمانوں اور خود اپنے ہی ملک کے فرانسیسی مسلمانو ں کے ساتھ اپنایا ہے ، اس کے زریعے پورے یورپ اور یورپ کے کروڑوں مسلمانو ں کو جو کہ وہاں کی شہریت رکھتے ہیں ان کے سامنے اپنا ایک پورا ایجنڈا رکھ کر یورپ کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔ان کے اس بیان اور رویے نے یورپ کے ذہن کی عکاسی کردی ہے اور ان کے چہرے سے نام نہاد جمہوریت کا لبادہ اتار پھینکا ہے۔ یورپ اپنے عمل سے اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی دھجیاں بکھیر رہا ہے جس میں مذہبی رواداری اور مذہبی شخصیات کے احترام کو تحفظ فراہم کیا گیاہے ۔اقوام متحدہ کو یہ بات بین الاالمذاہب کے اور ان کی شخصیات کے احترام کے ضمن میں یقنیی بنانی چاہیے تھی مگر وہ آج تک اس بات سے قاصر نظر آتاہے ۔

اسلاموفوبیا کا جو پروپیگنڈا مغرب کی متعصب ذہینت معاشرے میں پھیلارہی ہے اگر اس کا کھلے دل اور جائزہ لیا جائے تو یہ با ت عیاں ہوتی ہے کہ وہاں مسلمانوں کے ساتھ جو رویہ اختیار کیاجارہاہے اس سے تو مسلمانوں کو خوف میں مبتلا کرنے اور دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اب تک جو بھی اس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے وہ تو براہ راست مسلمانو ں کو ہوا ہے ۔ دیکھا جائے تو جس کا جانی و مالی نقصان ہو اور جس کو طاقت و ریاست کے زریعے دبایا جائے اس کو خوف محسوس کرنا چاہیے مگر یہ بات کہ یورپ کیوں اسلامو فوبیا کا رونا رو رہاہے ۔لیکن دوسرے پہلوں سے یہ بات تو ہے کہ یورپ میں اسلام کی مقبولیت اور لوگوں کا اسلام کی طرف مائل ہونا او ر اس تعداد میں اضافہ کا ہونا ظاہر ہے یہ تعداد باہر سے آئے ہوئے مسلمانوں کے علاوہ ہے خود ان کے شہریوں کے ساتھ ہونے والے ظلم اور ان کے گلے سڑے نظام کا ہی نتیجہ ہے ۔ان کے اپنے آپ کا اقلیت میں تبدیل ہوجانا ایک منطقی انجام ہے یہی خوف دراصل ان کو لاحق ہے ۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کا یہ بیان کہ اسلام ایک بحران کا مذہب ہے۔ انہوں نے یہ ایک بہت بڑا جھوٹ گھڑا ہے تاریخ سے یہ ثابت ہے کہ جب بھی حق کو چھپایا ہے دنیا ایک بحران سے دوچار ہوئی ہے اور حضور ﷺ نے ساری دنیا کو ہر طرح کے بحران سے نکالا ہے تکریم انسانیت کا بحران، حقوق انسانی کا بحران اور عورتوں کے حقوق کا بحران اسلام کو چھوڑ کر تو انسانوں نے بحرانوں کو جنم دیا ہے ۔ اسلام تو ایک بے مثال متوازن دین ہے ۔جس میں حضور ﷺ کا عشق اور آپ سے محبت بھی توازن میں ہے کہ جب صحابہ اکرام آپ ﷺ سے محبت کا اظہار فرماتے تو اس کو بھی آپﷺ توازن کا راستہ دکھاتے ۔ بولنے میں سچ کی تلقین کرتے ، خالق کی امانتیں ، نبی ﷺ کی امانتیں ، قرآن کی تعلیمات کی امانتیں اسی طرح سے انسانوں کی امانتیں ان تمام امانتوں کےلیے امانت داری کی تلقین فرماتے ۔ آپ ﷺ نے تو اپنے آس پاس رہنےوالے پڑوسیوں تک کے حقوق کو سختی کے ساتھ ادا کرنے کی تلقین کی ہے ۔

اب آتے ہیں اسلامی دنیا کے ستاون ممالک کے اظہار حق کے بحران کی طرف سوائے چند ممالک کے تمام نے ان گستاخانہ اور اسلام کے خلاف توہین آمیز بیان کے خلاف کوئی قابل ذکر بیان تک نہیں دیا کجا کہ کوئی فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرتا اور سرکاری سطح پر ان کی اشیا ء کا بائیکاٹ کرتا۔

اس میں ان تمام مسلم حکمرانوں کے ذاتی مفادات ہیں جوکہ ان یورپی ممالک کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ،وہ کسی حال میں ان ممالک کو ناراض نہیں کرسکتے ان کی خواہش ہے کہ کسی طرح یہ ممالک ہم سے خوش رہیں اور ہماری حکمرانی کو دوام بخشتے رہیں ۔مگر اصل حکمرانی تو خالق کائنات کی ہے اور جو ان کے ذاتی مفادات اس امر میں مانع ہے کہ کھل کر اس امانت رسول ﷺ کی مذمت کرتے ۔ تو ان کے لیے عرض ہے کہ کل بروز محشر میں اللہ کے حبیب ﷺ کا سامنا ہونے والا ہے ۔