حجاب کے لئے مسلمان خواتین کی جدوجہد

عالمی طور پر حجاب وہ متنازعہ مسئلہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے مسلمان خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اپنے آپ کو آزاد اور خودمختار کہنے والی “مہذب دنیا” حجاب پر تنگ نظری کی بےنظیر مثال نظر آتے ہیں۔ اکثر یورپی ممالک میں حجاب پر شدید تنقید اور پابندی نظر آتی ہے۔ خاص طور پر ستمبر گیارہ کے واقعے کے بعد سے تو بہت سے ایسے واقعات ہوئے جس میں خواتین سے حجاب نوچے بھی گئے۔ مسلمانوں کو مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسلام فوبیا کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔ اس سلسلے میں خواتین کو حجاب کےحوالے سے بہت مشکلات اٹھانی پڑی ہیں اور پڑ رہی ہیں۔

ایمنیسٹی انٹرںیشل اور او آئی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق مسلمان بہت زیادہ نسلی تعصب کا شکار ہوئے ہیں۔ وہ مسلمان خواتین جو حجاب لیتی ہیں ان کو بہت زیادہ تعصب کا نشانہ بننا پڑا ہے۔ الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق مغرب میں حجاب کو خاص طور پر نشانہ بنایا جاتا ہے۔ حجاب کو نا صرف ظلم بلکہ دقیانوسیت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

اس میں میڈیا نے بہت اہم منفی کردار ادا کیا ہے۔ مسلمان خواتین کو جب بھی دکھایا جاتا ہے ساتھ ہی ان کو مظلوم، پسماندہ اور تعصب زدہ دکھایا جاتا ہے۔ مسلمان خواتین کے حجاب کو خاص طور منفی طریقے سے دکھایا جاتا ہے۔ ایسے میں حجاب کی جدوجہد ان مجاہدہ خواتین کی جاری ہے۔ حجاب سے تعصب کی چند جھلکیاں درج ذیل ہیں:

حال ہی میں میکڈونلڈ میری لینڈ میں کام کرنے والی خاتون اسلام قبول کیا اور حجاب پہننا شروع کیا تو اسے مینیجرز کی طرف سے ہراساں کیا گیا۔ جس پر اس نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک میں عیسائی تھی سب کا رویہ میرے ساتھ اچھا مگر جب میں نے اسلام قبول کیا اور حجاب شروع کیا تو رویے بدل گئے۔ مجھے نماز کی بریک کرنے کی اجازت تو ملی مگر ایک گندے سٹور میں پڑھنے پر مجبور کیا گیا۔

میکڈونلڈ کے حوالے سے یہ پہلا واقعہ نہیں ہے 2017 میں لندن میں ایک مسلم باحجاب طالبہ کو آرڈر کرنے کے لئے قطار میں کھڑے ہونے سے روک دیا گیا۔ اسے کہا گیا کہ پہلے وہ اپنا حجاب اتارے پھر قطار میں کھڑی ہو۔ اس طالبہ نے جوابا کہا کہ میں اپنے دین پر عمل کرتے ہوئے یہ پہنا ہے اور میں کسی صورت نہیں اتاروں گی۔ بعد میں میکڈونلڈ نے اس پر معافی مانگی اور اس ملازم کو نوکری سے فارغ کرنے کا بھی کہا گیا۔

صرف میکڈونلڈ ہی نہیں مشہور و معروف اسٹار بکس میں ایک باحجاب خاتون کا جب کافی کا آرڈر سرو کیا گیا تو اس پر مارکر سے اس کے نام عائشہ کے بجائے سے ISIS کے حروف لکھے گئے تھے۔ اور یہ سب جانتے ہیں کہ اس کا کیا مطلب ہے۔ اس پر بھی ان خاتون نے عدالت میں کیس کیا۔ عائشہ کہتی ہیں کہ جب میں نے یہ دیکھا تو مجھے بہت تکلیف ہوئی۔ کمپنی کی طرف سے معافی مانگی گئی اور کہا گیا کہ یہ نام ٹھیک طرح سے نا سننے کی وجہ سے ہوا۔ ان کو نئی کافی اور 25 ڈالر ادا کئے مگر عائشہ کا کہنا ہے کہ یہ اس تکلیف کا ازالہ نہیں ہو سکتا۔

چکن ایکسپریس میں کام کرنے والی ایک نومسلمہ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔ وہ کہتی ہیں کہ جب میں نے اسلام قبول کیا اور اپنے کام پر آتے ہوئے حجاب لیا تو میرے مینجر نے اسے ریسٹورنٹ کے ڈریس کوڈ کے خلاف قرار دیا اور حجاب اتارنے کا مطالبہ کیا۔ میرے انکار پر مجھے گھر بھیج دیا گیا۔

سنگاپور میں ان دنوں حجاب کی بحث زوروں پر ہے۔ وہاں کے لبرلز کا کہنا ہے کہ ہر ادارے کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے ہاں ڈریس کوڈ متعارف کرائے اور اگر وہ حجاب کی اجازت نہیں دیتے تو یہ کوئی اہم بات نہیں ہے۔ ایک ڈا کٹر نے اپنی کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈنٹل کلینک میں کام کرتے ہوئے کہا گیا کہ میں حجاب اتار لوں یہ میرے لئے بہت زیادہ تکلیف دہ تھا۔ پھر میں نے وہ نوکری چھوڑ دی۔ مجھے اکثر کہا جاتا ہے کہ اس حجاب کو اتارنے سے آپ زیادہ اچھی لگیں گی۔ تو میرا جواب یہی ہے کہ میرا دین مجھے اس کا حکم دیتا ہے میں اسی میں مطمئن ہوں۔ بہت ساری خواتین مجاہدہ اپنے حجاب پر ڈٹی رہی ہیں۔

مختلف ممالک میں حجاب پر پابندی کے قوانین:-

خود کو جمہوری، آزاد خیال، انسانی حقوق کے علمبردار اور مہذب دنیا کہلانے والے ممالک حجاب کے معاملے میں کس قدر تنگ نظر، متشدد، غیر جمہوری اور انسانی آزادی کے خود کس قدر قائل ہیں وہ مندرجہ ذیل ممالک میں لگی پابندیوں سے اندازہ لگا لیں۔

6 دسمبر 2016 کو جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے مکمل حجاب پر پابندی لگائی۔ اس سے پہلے حجاب پر ایسا سخت کوئی حکم نہیں تھا۔

اکتوبر 2017 کو آسٹریا نے نقاب اور حجاب پر پابندی لگائی اور قانون بنایا کہ عوامی مقامات، سکول، کالج اور ہسپتالوں میں اس کی قطعی اجازت نہ ہو گی۔

فرانس نے اپریل 2011  میں حجاب اور نقاب پر سخت پابندی لگائی۔ جس کی رو سے کوئی فرانسیسی یا کوئی غیر ملکی شخص فرانس میں حجاب میں نہیں نکلے گا۔ 2016  میں برقینی پر بھی پابندی لگا دی گئی۔ دوسری صورت میں 50  یورو کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

اٹلی میں 2015 میں برقعے پر اور حجاب نقاب اور برقینی پر پابندی لگائی گئی۔

سپین میں 2010 میں حجاب اور نقاب پر پابندی لگائی گئی۔ سب سے پہلے یہ پابندی بارسلونا کے شہر میں لگی۔

برطانیہ میں حجاب پر کوئی پابندی تو نہیں ہے مگر سکولوں نے اپنا ڈریس کوڈ وضع کیا گیا ہے۔ البتہ گاہے گاہے اس موضوع پر کچھ اسلام مخالف ممبر پارلیمنٹ کی بےچینی سامنے آتی رہتی ہے۔

ڈنمارک نے 2018میں یہ بل پاس کیا کہ کوئی بھی حجاب یا نقاب میں نظر آئے گا اسے سزا دی جائے گی۔

روس نے 2013 میں حجاب پر پابندی لگائی گئی۔ سرکاری عمارات میں حجاب کے ساتھ داخلہ قطعی ممنوع قرار دیا گیا۔

سوئٹزرلینڈ نے 2013 میں حجاب پر پابندی لگائی اور عوامی اجتماعات کی جگہ پر اسے منع کیا گیا۔

2016 میں بلغاریہ کی پارلیمنٹ نے حجاب پر پابندی لگائی اور ایسی خواتین جو حجاب پہنیں گی ان کو نہ صرف جرمانہ ہو گا بلکہ انہیں تمام مراعات سے محروم ہونا پڑے گا۔

باحجاب مجاہدات:-

کمال اتاترک کے ترکی میں حجاب پر پابندی تھی۔ 2008 میں اس میں نرمی کی گئی اور 2013 میں پابندی کو اٹھا لیا گیا۔ کچھ سال پہلے جب ترکی میں سیکولر حکومت تھی تو ایک خاتون ممبر پارلیمنٹ مروی کواچی جب حجاب پہنے حلف اٹھانے کے لئے پارلیمنٹ میں داخل ہوتی ہیں تو ان کو شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ممبر پارلیمنٹ ان کو پارلیمنٹ سے نکل جانے کا کہتے ہیں یا حجاب اتارنے کا کہا جاتا ہے ان کو حلف لینے نہیں دیا جاتا۔ مگر وہ وقار کے ساتھ اپنے موقف پر جمی رہتی ہیں۔ وقت بدلا اور اسی ترکی میں حجاب پر پابندی ختم کر دی گئی۔

مروی کواچی کا اپنے حق پر کھڑے ہونا اتنی شدید مخالفت میں بھی کہ جب بڑے بڑوں کا قدم اکھڑ جاتے ہیں۔ بظاہر اس وقت تو ان کو پارلیمنٹ کی سیٹ سے ہاتھ دھونے پڑے مگر ترکی کی نئی حکومت آنے کے بعد اب ان کو ملائیشیا میں سفیر تعینات کیا ہے۔ ان کی ساری زندگی حجاب کے لئے جدوجہد میں گزری۔ اب ترک صدر کے ساتھ ہر بین الاقوامی دورے میں ان کی بیٹی فاطمہ ابو شباب مترجم کے طور پر ہوتی ہیں۔ ان کا باحجاب لباس ساری دنیا میں توجہ اور احترام کا مرکز بنا ہوتا ہے۔

اسی طرح کی ایک اور مثال رافعہ ارشد ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ جب میرا سکالرشپ کا انٹرویو تھا تو میری فیملی اور دوستوں نے مجھے حجاب اتار کر جانے کا کہا اور خدشہ ظاہر کیا کہ حجاب کی وجہ سے سکالرشپ کا یہ موقع ہاتھ سے نکل جائے گا۔ مگر یہ میرے کیرئیر اور میری زندگی کا وہ لمحہ تھا کہ جب مجھے مضبوط رہنا تھا۔ نہ صرف وہ سکالرشپ بلکہ آج 17 سال بعد وہ پہلی باحجاب خاتون جج ہیں۔

میں نے جس قدر حجاب کرنے والی خواتین کی کہانیاں پڑھیں مجھے ان سے اور زیادہ محبت محسوس ہوئی۔ انہوں نے قربانیاں دیں اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑا مگر اپنے رب کے حکم کے خلاف نہیں گئیں۔ اس مخالفت کے دور میں ان کا اسلام پر اپنے حجاب پر اصرار ان کو صحیح معنوں میں مجاہدہ ہی تو بناتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں