حکومت کے تہلکا خیز انکشافات

اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت کے گزرے اٹھارہ ماہ عوام کو ابتلا و آزمائش کے علاوہ اور کچھ دینے میں کامیاب نہ ہو سکے، لیکن اس کے باوجود بھی اگر عوام سڑکوں کی بجائے گھروں میں محوِ استراحت ہیں تو اس کی بھی یقیناً کوئی ایسی وجہ ضرور ہے جس نے عوام کو درد و کرب میں بھی مطمئن اور خوش رکھا ہوا ہے۔ میں نے جب اٹھارہ ماہ کو کسی مرغی اور مرغے کی طرح اپنے پنجے مار مار کے کریدا تو جو باتیں منکشف ہوئیں وہ کافی وزنی تھیں اور ذہن و دل میں اتر جانے والی بھی۔

تب جاکر مجھے سمجھ میں آیا کہ ہوش ٹھکانے لگا دینے والی مہنگائی کے باوجود بھی عوام اسقدر خوش اور مطمئن کیوں نظر آ رہے ہیں۔ چاہتا ہوں کہ تمام قارئین کو بھی ان راز کی باتوں میں شریک کر لوں تاکہ وہ اپنے غم کچھ دیر کو بھلا کر حکومت کے ڈیڑھ سالہ تہلکا خیز انکشافات پر ہنس ہنسا کر اپنے دکھوں کا مداوا کر سکیں۔

بشرا بیگم ساتھ ہوتی ہیں تو میں کہتا ہوں دیکھو دیکھو یہ کتنا بڑا ظلم ہو رہا ہے تو وہ کہتی ہیں آپ پرائم منسٹر ہیں۔ 22 سال اپوزیشن میں رہ کر مجھے خود اپنے آپ کو بتانا پڑتا ہے کہ میں پرائم منسٹر ہوں۔ (عمران خان)

اتنی نوکریاں آنے والی ہیں کہ لوگ باہر جانا بھول جائیں گے۔۔۔۔۔ میں یہ بات نہیں کر رہا کہ برسوں میں ایسا ہوگا، میں ہفتے، دس دن، دو ہفتے، ایک ماہ کی بات کر رہا ہوں۔ (فیصل واڈا)

دونوں دفعہ مجھے ٹی وی سے پتہ چلا ہے کہ روپے کی قیمت گرگئی ہے۔ (عمران خان)

آپ اس وقت گراؤنڈ فلور پر ہیں، ایلیویٹر کو اوپر جانا ہے۔ آپ ابھی چڑھ جاؤگے تو آپ آرام کے ساتھ اوپر چلے جاؤ گے۔ دیر ہو گئی تو آپ کو کئی سیڑھیاں اوپر چھلانگ لگانی پڑے گی۔ (اسد عمر)

روحونیت، سوری، رحانیت، سوری، رحوانیت، سوری، روحانیت ۔۔۔ ہم روحانیت کو ایک سوپر سائنس بنائیں گے۔ (عمران خان)

دو روٹیوں کی بجائے آپ کو ایک روٹی سے گزارا کرنا پڑے گا۔ بہت جلد آپ دو روٹیوں کی بجائے ڈھائی روٹیاں بھی کھا سکیں گے۔ (وزیر صحت)

ہم دیسی انڈوں کی ۔۔۔۔۔ ہم انھیں انڈے دیں گے، ہم انھیں چوزے دیں گے۔۔۔ ہم انھیں کٹے کٹیاں بھی دیں گے۔ (عمران خان)

اگر گیس چولہے میں جلائیں تو ضرورت اور اگر گیس کو گیزر کیلئے جلائیں تو یہ لگژری ہے۔                 (وزیر توانائی)

جب تک جے آئی ٹی رپورٹ نہیں آتی ہے ۔ ۔ ۔ ۔ (عمران خان)۔ رپورٹ عرصہ ہوا آ چکی ہے صحافیوں کی اونچی آواز میں رپورٹ آ جانے کی اطلاع۔ مگر عمران خان کا مسلسل لا علمی کا اصرار۔

سبزی منڈی میں 17 روپے کلو ٹماٹر ہیں۔ (حفیظ شیخ)

ہم نے ٹماٹر خریدنا چھوڑ دیئے ہیں، ہم اس وقت دہی وغیرہ استعمال کر رہے ہیں۔ لہٰذا جب تک ٹماٹر سستے نہیں ہوتے ہیں آپ دہی وغیرہ استعمال کریں۔ (شوکت یوسف زئی)

اگر مہنگائی سے کسی کو فائدہ ہو رہا ہے ۔۔۔۔۔۔ ٹماٹر کس کا پیدا کیا ہوا ہے، ہمارے زمیندار نے اگایا ہوا ہے ناں۔(گنڈا پوری)

بیس کے جی کی جو مٹر کی بوری ہے وہ 5 روپے فی کلو کے حساب سے 100 روپے کی دے رہے ہیں۔ (فردوس عاشق اعوان)

جب ٹماٹروں کی ڈمانڈ بڑھے گی اور سپلائی کم ہوگی تو قیمت لازماً بڑھے گی۔ جب آپ استعمال کرنا ہی چھوڑ دیں گے تو قیمت آٹومیٹک کم ہونا شروع ہو جائے گی۔ (شوکت یوسف زئی)

رمضان میں امرود، سیب کیلے اور دیگر پھل مہنگے ہوجاتے ہیں۔ جب آپ فروٹ چاٹ کھائیں گے تو ڈیمانڈ بڑھ جائے گی۔ جب ڈیمانڈ بڑھ جائے اور سپلائی کم ہو تو چیز خود بخود مہنگی ہوجایا کرتی ہے۔ (اسد عمر)

گوشت مہنگا ہوگیا، مرغی مہنگی ہو گئی۔ ہم خوامخواہ ان کے پیچھے پڑ جاتے ہیں۔ ارے اس سے جان چھڑاؤ۔ (شوکت یوسف زئی)

اگر گیس اور بجلی مہنگی ہو سکتی ہے تو گوشت کے مہنگے ہونے سے کوئی عذاب نہیں آ جائے گا۔ (شیخ رشید)

قیمت اوپر نیچے ہو جایا کرتی ہے۔ آلو سستے ہو گئے تھے تو کتنا بڑا نقصان ہوا کسانوں کو۔                            (گنڈا پوری)

جرمنی اور جاپان کا بارڈر جہاں سے آپس میں ملاہوا تھا وہاں انھوں نے مشترکہ صنعتیں لگائی تھیں۔ (عمران خان)

نوکریاں ملنا شروع ہو جائیں گی، آسانیاں ہو جائیں گی، ٹیکس پر ٹیکس آنا شروع ہو جائے گا۔                (فیصل واڈا)

(بزدار کے بارے میں کہا جارہا ہے) کہ اسے ہارٹ اٹیک ہو گیا تھا (بین السطور یہ بات کہ جب اسے لفٹ نہیں کرائی جارہی تھی) تو اسے لانا پڑا۔ (اسد عمر)

(صحافیوں کے سوال کے جواب میں) میں ابھی اناڑی ہوں، سیکھ رہا ہوں، آہستہ آہستہ سیکھ جاؤنگا۔ (بزدار)

جو ڈاکٹر اس عہدے پر کام کرتا ہے وہ ٹیکنکل کام کرتا ہے۔ (اسد عمر)۔ میں ٹیکنکل آدمی نہیں ہوں ایک عام آدمی ہوں۔ (وزیر صحت کی تردید)

بارش بھی کبھی پاکستان میں اتنی زیادہ نہیں ہوئی جتنی اس مرتبہ ہوئی ہے۔ اس کا کریڈٹ بھی میں عمران خان کو دونگی۔ (خاتون مشیرِ خاص)

میں جو گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑنا چاہ رہا ہوں اس کی وجہ بھی آپ کو بتا دیتا ہوں۔ دیواروں نے اس کی خوبصورتی عام انسانوں سے چھپا رکھی ہے۔ جب اس کی دیواریں توڑ دی جائیں گی تو وہ باہر سے کتنا گرین اور خوبصورت نظر آئے گا۔ (عمران خان)

میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں (صحافیوں کی جانب دیکھتے ہوئے) اگر کوئی چور اچھی رائے دیدے تو؟۔۔۔۔۔ آپ کو کیا پتہ وہ ایک اچھی رائے دینے والا ہے یا ۔۔۔۔۔ (علی زیدی)

آرکیٹیکٹ اس کے، ۔۔۔۔۔ جنرل پاشا آپ کے سامنے بیٹھے ہوئے ہیں ۔۔۔۔۔۔ (پیچھے سے شور جنرل پاشا نہیں جنرل شجاع) اوہ، سوری، جنرل شجاع۔ (عمران خان)

پرائم منسٹر عمران خان ہی ایسے ہیں جو اپنی نہایت خوبصورت زبان میں اقوام متحدہ میں بات کرکے آئے۔ (خاتون مشیرِ خاص)

لوگوں کو ابھی تک نہیں پتہ کہ اللہ نے پاکستان میں کس طرح کی مختلف ورائٹیز دی ہوئی ہیں، بارہ موسم ہیں پاکستان میں۔ (عمران خان)

ہم تو 2022 میں اپنا پہلا خلائی مشن خلا میں بھیج رہے ہیں۔ 2024 میں تو ۔۔۔۔ اب تو ہماری باتیں مریخ تک پہنچ گئی ہیں۔ چاند تو مسخر ہو چکا ہے، چاند پر تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ (وزیر سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی، فواد چودھری)

فواد چودھری کو ہم نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا منسٹر بنا یا ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ ہم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو سنجیدگی سے نہیں لیتے ہیں۔ فواد چودھری صاحب آپ نے جو جنون اور جذبہ دکھایا ہے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سلسلے میں اس پر میں آپ کو داد دیتا ہوں۔ (عمران خان)

(زلزلہ آنے پر) جب کوئی تبدیلی آتی ہے تو “نیچے” بیتابی ہوتی ہے، تو یہ تبدیلی کی نشانی ہے۔                    (فردوس عاشق اعوان)

درخت ہوا کو صاف کرتے ہیں۔ رات کو آکسیجن دیتے ہیں اور کاربن ڈائکسائیڈ کو جذب کرتے ہیں۔ (عمران خان)

انھوں نے ملک سے نکال دیا ناں، (کس کو نکال دیا ہے ملک سے، اینکر کا سوال)۔ کلبھوشن تو چلا گیا ہے۔۔ (کلبھوشن کہاں گیا ہے، اینکر کا پھر سوال)، کلبھوشن ملک سے باہر چلا گیا ہے وہ اب پاکستان کے سارے راز کھولے گا۔ (گنڈا پوری)

ہم گائے سے دودھ اوسطاً 6 لیٹر لیتے ہیں، دوسرے ممالک 24 لیٹر دودھ حاصل کرتے ہیں۔ اگر ہم مقدار دو گنا بھی کر لیں تو سمجھ لیں کہ پاکستان میں انقلاب آجائے گا۔ (عمران خان)

(آزادی مارچ پر تبصرہ) اس وقت جو لاہور میں مارچ والوں کی گاڑیاں داخل ہو رہی ہیں اس کی وجہ سے بھی ہوا میں کافی پلوشن پھیل گیا ہے۔ (خاتون مشیر خاص)

یہ کریڈٹ بھی پی ٹی آئی کو جاتا ہے کہ اتنے ڈاکٹر بھرتی کئے ہیں۔ پہلے یہ سب پکوڑے نہیں بیچا کرتے تھے؟۔                  (شوکت یوسف زئی)

میں نے گوگل سے سرچ کیا تو مجھے معلوم ہوا کہ اگر پرائم منسٹر گاڑیوں کے ذریعے بنی گالا جاتے ہیں تو اس پر فیول کاسٹ زیادہ آتی ہے جبکہ ہیلی کوآپٹر کے ذریعے فیول کاسٹ صرف 55 روپے فی کلو میٹر آتی ہے۔ (فواد چوہدری)

ڈالر اگر مہنگا ہوا ہے تو اس سے تو ہمیں فائدہ ہوا ہے۔ پہلے ایک ڈالر کے ہمیں 94 روپے ملتے تھے اب 160 ساتھ روپے ملتے ہیں تو ہمیں تو ڈالر کے پیسے بڑھ جانے سے فائدہ ہوا ہے۔ (شوکت یوسف زئی)

جیسے ہی پرائم منسٹر کی جانب سے ایڈوائس آئے گی تو میں سائن کردونگا۔۔۔۔۔۔۔ نہیں نہیں ۔۔۔۔ میں نے تو سائن کر دیا تھا ۔۔۔۔ ارے میں تو سائن کر ہی چکا تھا۔ (صدر عارف علوی)

مجھے تو معلوم ہی نہیں تھا کہ میری حکومت اتنی ایفیشینٹ ہے۔ (عمران خان)

ترکوں نے 600 سال ہندوستان پر حکومت کی ہے۔ (عمران خان)

نوٹ:۔ یہ سب تہلکا خیز انکشافات فیس بک کی ایک ویڈیو سے حاصل کئے گئے ہیں۔

حصہ
mm
حبیب الرحمن ایک کہنہ مشق قلم کار ہیں وہ بتول، اردو ڈائجسٹ، سرگزشت، سنڈے میگزین(جسارت)، جسارت اخبار میں "صریر خامہ" ٹائیٹل اور کچھ عرحہ پہلے تک "اخبار نو" میں "عکس نو" کے زیر عنوان کالم لکھتے رہے ہیں۔انہوں نے جامعہ کراچی سے سیاسیات میں ماسٹرز کیا ہے۔معالعہ اور شاعری کا شوق رکھتے ہیں۔

1 تبصرہ

جواب چھوڑ دیں