اداروں کو کام کرنے دیں

پرویز مشرف کو سنگین غداری کے مقدمے میں سزا ہو گئی، میڈیا پر تبصرے ہورہے ہیں۔ ہر طرف یہی موضوع زیر بحث ہے ۔ یہ کیس ایک عرصہ تک عدالت میں چلتا رہا اور اب اس کا فیصلہ آیا تو ایک بحث چھڑ گئی ہے کہ یہ صحیح ہے یا غلط۔

تمام اہم امور کو پس پشت ڈال کر ایک لایعنی موضوع کے پیچھے وقت برباد کیا جا رہا ہے ، یہ معاملہ عدالت کا ہے، اس پر بحث عدالت میں ہی ہو تو بہتر ہے۔ ٹی وی چینلز ،جلسہ، جلوس اس کے لیے مناسب نہیں ۔

اس وقت جو اہم ترین مسائل ہیں ان میں سر فہرست مسئلہ کشمیر ہے ، جسے ہنگامی بنیادوں پر توجہ درکار ہے۔ لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کا سوال ہے، اسے ہم کسی بھی طرح حل کرنے کے لیے عملی اقدام کریں،عوام اور حکومت یکسو ہوکر اس اہم قومی مسئلے کو حل کریں، کیونکہ اسی پر ملکی حالات اور امن وامان کی صورتحال کا انحصار ہے۔

یہ ملک دشمن عناصر کا حربہ ہے کہ وہ غیر اہم معاملات میں عوام کو الجھائے رکھیں تاکہ اہم مسائل جوں کے توں رہیں اور ملکی مفادات کو نقصان پہنچایا جائے ۔پاکستان کی بقا اور سالمیت کشمیر سے وابستہ ہے اسی پر سے قوم کی توجہ ہٹائی جارہی ہے۔ سیاستدان اپنے ذاتی مفادات کے لیے کوشاں ہیں، جس ملک نے ہمیں دولت عزت اور شہرت دی وہی نہ رہا تو ہم کہاں جائیں گے؟

آج اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم متحد ہوں اور اداروں کو سکون سے کام کرنے دیں، انھیں اپنے ذاتی مفادات اور عنادکی بھینٹ نہ چڑھائیں، جس نے جرم کیااسے سزا ملنی چاہئے ۔ اس ملک کی آن اور شان پہ لاکھوں جانیں قربان ہوئیں، اس کی ترقی اور بقا کےلیے جانثار اب بھی جانیں قربان کرنے کےلیے تیار ہیں اور جن بد عنوان عناصر کے لئے ہم ملک کی عزت دائو پر لگا رہے ہیں ،جو وسائل ملک و قوم کی امانت ہیں انھیں ان لوگوں پر لٹا رہے ہیں، جن کا کوئی دین ،ایمان نہیں ایسے ہی لوگوں نے ملک میں فساد برپا کر رکھا ہے۔

2 تبصرے

جواب چھوڑ دیں