شاہی جوڑا ولیم اور کیٹ

معاف کیجیے گا، ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے چلنے کی عادت سی ہو چلی ہے ـ شاہی جوڑے ، ولیم اور کیٹ کی آمد اس وقت ہوئی جب کشمیر کا ہاٹ ایشو زیر بحث تھا ، یہ دونوں آئے اور پوری قوم نے ان کی ہر حرکات و سکنات پر نظریں جمائے لیں ،  کیمرے کی آنکھ ان کے ایک ایک لمحے کو کیپچر کر رہی تھی ، شہزادی کیٹ نے شلوار قمیض پہن کر گویا امت مسلمہ کی تمام عورتوں کو مات دے دی ، مسلمان خواتین تو جیسے شرم کے مارے زمین میں گڑ گئیں ـ

 بادشاہی مسجد سے لے کر قرآن کی تلاوت تک اس شاہی جوڑے نے پوری قوم  کو گویا ان کی نظروں میں گرا دیا ـ  ہماری سوچ دیکھیے ،  ہمارا  زرا پرکھنے کا معیار دیکھیے ، کلمہ گو کافروں کے آگے شرمندہ شرمندہ پھر رہے ہیں ـ ارے شہزادی کیٹ نے پاکستان کے دورے کے لیے یہ شلوار قمیض زیب تن کیا تھا ،  اپنا کلچر اور مذہب نھیں  بدلا تھا ـ  بہرحال یہ ان کا ایک اچھا اخلاق ہے ، اور ترغیب بھی جمائما کی طرف سے کہ اس قوم کو کیسے رجھایا جاتا ہے ـ انتہائی معصوم قوم نے یہ  جاننا تو  گوارا ہی نھیں کیا کہ یہ دونوں آئے کیوں تھے ؟ کے پی کے اور بلوچستان کے دورے ان کا اہم ہدف کیوں تھے؟ ان کو خاندان کی مضبوطی  کیوں اچھی  لگی ؟ پورے پاکستان  میں صرف شوکت خانم ہی کا  دورہ کیوں کیا ؟  وزیر آعظم اتنے متحرک  کیوں نظر آئے ،؟ قوم پوچھے کہ لاہور اور اسلام آباد کو کیوں بند کیا گیا جب یہ جوڑا شہر میں گھوم رہا تھا ـ

ارے میری قوم کے بھولے لوگوں باخبر رہو ، شہزادی کے شلوار قمیض پہننے پر اپنی عورتوں کو شرمندہ کرنا چھوڑو اور زرا خان صاحب سے پوچھو کہ کشمیر کی بہنوں کو کب ظالموں کے عتاب سے چھڑائیں گے ، کب 8 لاکھ فوجی قبضہ چھوڑیں گے ـ شاہی جوڑے کی شاہانہ مہمان نوازی کا یہ وقت نھیں تھا ـ جب اپنے گھر میں آگ لگی ہو تو مہمان بھی آگ بجھانے میں شامل ہوتے ہیں ، جلتے گھر کو چھوڑ کر کوئی کسی کی آؤ بھگت میں نھیں  لگ جاتا ـ اس وقت شوکت خانم کے فنڈز سے زیادہ کشمیر کے سلگتے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے ـ  شاہی جوڑے کے آنے کا مقصد شلوار قمیض اور دوپٹے میں  چھپ گیا ، اور ساتھ میں کشمیر کے مسئلے کو بھی چھپانے کی گویا سازش کامیاب ہورہی ہےـ

بس جی ، شاہی جوڑا جب واپس اپنے ملک جائے گا تو شلوار قمیض اور دوپٹے سمیت کتنے مسئلوں کو اتار پھینکے گا

یہی المیہ ہے ہمارا،  بس ہم آنکھیں ہی تو نھیں کھو لتےـ

نائلہ شاہد

جواب چھوڑ دیں