پیڈیسٹرین برجز،سہولت یاتھکاوٹ‎

پیڈیسٹرین برجزحکومت کی طرف سے ایسی سہولت کا نام ہیں جسے عوام کے لئے راستے عبور کرنے کی غرض سے جگہ جگہ نصب کیا گیا ہے۔اگر آپ روشنیوں کے شہر کراچی کے رہائشی ہیں اور آپ کا سفر پبلک ٹرانسپورٹ کی مرہون منت ہے تو آپ کے راستے میں یہاں وہاں سڑک پار کرتے وقت کئی برجزآئیں گے۔کئی افراد ایسے ہوگے جو ان برجز میں سے ایک کو کراس کرکے اپنی منزل مقصود تک پہنچ جاتے ہونگے اور کئی افراد ایسے بھی ہوں گے جن کے راستے کا اختتام دو سے تین برجز کو کراس کرکے پورا ہوتا ہے(ان افراد میں اس ناچیز کا بھی شمار ہوتا ہے) مگر کیا یہ ہمارے لئے سہولت ہے یا پھر تھکا وٹ کا سامان؟ اس سوال کا جواب ڈھونڈنے کے لئے آیئے ایک نظر ذرا اپنی دنیا کے اطراف ڈال کر دیکھتے ہیں جہاں ہمیں زیبرا کراسنگ کی سہولیات جگہ جگہ نظر آتی ہیں۔زیبرا کراسنگ ایک ایسا عمل ہے جہاں ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لئے الگ الگ سگنلز نصب کئے جاتے ہیں کچھ وقت کے لئے ٹریفک کے عمل کو روکا جاتا ہے عوام راستہ عبور کرتے ہیں اور ٹریفک کے چلنے کے عمل کا پھر سے آغاز کیا جاتا ہے۔ٹریفک اور عوام اپنے طے کئے گئے قوانین کے تحت یہ عمل بہت منظم طریقے سے سرانجام دیتے ہیں۔ ہمارے یہاں زیبرا کراسنگ کی جگہ پیڈیسٹرین برجزنے لی ہوئی ہے یہاں ہمیں ایک روڈ پار کرنے کے لئے کئی سیڑھیاں چڑھنی پڑتی ہیں اس کے بعد ایک لمبا راستہ طے کرکے جتنا اوپر آئے آپ کو پھر نیچے بھی جانا ہے۔آپ کے راستے میں جتنے برجز آئیں گے آپ اس عمل سے اتنی بارگزریں گے۔ یہ عمل سہولت سے زیادہ تھکاوٹ کا باعث بن جاتا ہے خصوصاًمعمر افراد اور ان لوگوں کے لئے جو کسی مرض کا شکار ہیں۔اگر ہمارے یہاں بھی زیبرا کراسنگ بنائی جائے تو ان افراد کی مشکلات میں کمی لائی جاسکتی ہے ۔ملک کے بیشتر حصوں میں اگر زیبرا کراسنگ موجود بھی ہے تو ؑ عوام اس کا باقاعدہ نظام نہ ہونے کی وجہ سے اس کی اہمیت سے لاعلم  ہیں۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ پنجاپ حکومت نے زیبرا کراسنگ کے بغیر روڈ پار کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔اسی طرح کے اقدامات حکومت کو ملک کے باقی صوبوں اور خصوصاًکراچی میں کرنے کی ضرورت ہے۔تاکہ عوام نا صرف کم تھکاوٹ کا شکار ہوں  بلکہ ان کا قیمتی وقت بھی ضائع ہونے سے بچ سکے۔

حصہ
mm
صالح ملک اردو یونیورسٹی میں اپنے ماسٹرز کے آخری سال میں قدم رکھ چکی ہیں ۔لکھنے کا شوق رکھتی ہیں ۔ بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کر رہی ہیں۔

جواب چھوڑ دیں