یہ دو دن میں کیا ماجرہ ہو گیا

خبروں کے مطابق پی ٹی آئی حکومت نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو کالعدم قراردیدیا۔ بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے۔ ہر قسم کی سرگرمیوں پر بھی پاندی عائد کردی۔ دفاتر سیل کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔ دونوں تنظیمیں پہلے ہی واچ لسٹ میں شامل تھیں۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اورکالعدم جماعتوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کے اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں حکومت نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو کالعدم قراردیدیا اورکالعدم جماعتوں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد کیا جائے گا جس کے تحت کالعدم تنظیموں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن ہوگا۔

مجھے 1971 کے صدر جنرل یحیٰ یاد آگئے جب مشرقی پاکستان ہاتھ سے نکلا جا رہا تھا اور وہ خون کے آخری قطرے تک جنگ جاری رکھنے کا اعلان کر رہے تھے لیکن اس وقت کے پاکستان کی سب سے اعلیٰ فوج کو ہتھیار ڈالنے کے احکامات بھی جاری کر رہے تھے جس کا علم عوام کو بالکل بھی نہیں تھا۔ یہ بات تو باقی ماندہ پاکستانیوں کے اس وقت علم میں آئی جب خون کے ایک ایک قطرے کو محفوظ کرنے کی خاطر فوج اور مشرقی پاکستان، دونوں کواغیار کے حوالے کردیا گیا۔ ایک جانب قوم کے حوصلوں کو آسمان کی اونچائی تک بلند کیا جارہا تھا اور دوسری جانب قوم کے عزت و وقار کو تحت الثریٰ میں پہنچایا جارہا تھا۔

چند دنوں قبل جس تب و تاب کا مظاہرہ کیا گیا وہ پوری پاکستانی قوم کا غرور تھا۔ موافقین تو تھے ہی موافقین لیکن مخالفین بھی وزیر اعظم کے ساتھ کندھے سے کندھا ملائے کھڑے نظر آتے تھے۔ قوم میں یہ احساس جڑ پکڑتا جارہا تھا کہ اب پاکستان ہر قسم کے بیرونی دباؤ سے باہر آ چکا ہے۔ قوم جہاں بہت زود رنج واقع ہوئی ہے وہیں نہایت خوش فہم بھی ہے۔ عمران خان کی تقریر نے جہاں قوم کا لہو گرما کر رکھ دیا تھا وہیں وہ یقیناً اس تردد کا شکار ضرور ہوگی کہ آخر راتوں رات ایسا کیا ہو گیا کہ وہی جماعت، اس کے حامی اور اس کے فلاحی ادارے پاکستان کے سارے اداروں کی آنکھوں کا تارہ بنے ہوئے تھے، اس کے سربراہ کے خطابات سارے چینلوں پر براہ راست دکھائے جاتے تھے اور جس کے فلاحی اداروں سے بلا امتیا ہر پاکستانی استفادہ کر رہا تھا، وہی جماعت راتوں رات کیسے معتوب قرار پاگئی اور حاضر و موجود تنظیم کالعدم بنا دی گئی۔

قوم اس بات کو کیسے فراموش کر سکتی ہے کہ ایک جانب عالمی عدالت میں ہندوستان کے گرفتار جاسوس کلبھوشن یادھو پر جاسوسی کا مقدمہ چل رہا ہے تو دوسری جانب پلوامہ میں ہونے والے خود کش دھماکے اور اس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 50 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کا الزام بھارت پاکستان پر لگا رہا ہے۔ ایک جانب پاکستان کی جانب سے ان الزامات کی مسلسل تردید اور دوسری جانب اپنے ملک کی کسی جہادی تنظیم پر شدید پابندیاں لگا دینے سے عالمی عدالت میں چلنے والے مقدمے اور بھارت کی جانب سے پلوامہ کی تخریب کاری پر پاکستان پر الزام عائد کیا جانا، کیا پاکستان کے مؤقف پر اپنے ہی ہاتھوں ایک کاری وار شمار نہیں کیا جائے گا اور اقوام عالم کے سامنے آپ کی ساری تردیدیں ریت کی دیوار نہیں بن جائیں گی؟۔

جہاں تک جماعت الدعوہ پر پابندی لگائے جانے کی بات ہے تو اس جماعت کے ساتھ ایسا متعدد بارہوتا رہا ہے۔ نومبر2008ء میں ممبئی حملوں کے بعد جماعت الدعوہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے پابندیاں عائد کی تھیں بعدازاں سال 2014میں امریکا نے بھی جماعت الدعو کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر مالی پابندیاں عائد کی تھیں اور حافظ سعید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر جماعت الدعوہ ایک دہشتگرد تنظیم تھی اور ایسا خود پاکستان کی حکومت نے قراردیا تھا تو اس کے سربراہ اور سرکردہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں کیوں نہیں آئی اور اس کے سرکردہ افراد اور سربراہ کو پاکستان کے سارے چینلوں پر براہ راست کیوں دکھایا جاتا رہا۔ اگر پاکستان سمجھتا تھا کہ وہ تنظیم ایسی نہیں ہے جیسا دنیا گمان کر رہی ہے تو اسے کلیر کیوں نہیں کیا گیا۔ پھر یہ بھی کہ غیر اعلانیہ ہی سہی، لگی پابندیاں ہٹا ہی لی گئیں تھیں اور جماعت کو دہشتگردی کی فہرست سے خارج ہی کردیا گیا تھا تو پھر اب اچانک کیا ہوگیا کہ اس کو دوبارہ پابند سلاسل کیا جارہا ہے۔

جیسا کہ 2008 اور 2014 میں دیکھا گیا کہ بیرونی دباؤ کے تحت پاکستان میں کچھ تنظیموں پر پابندیاں عائد کی گئیں بالکل اسی طرح اب بھی وہی کچھ دیکھنے میں آرہا ہے فرق صرف یہ ہے کہ پہلے ہر عام و خاص کے علم میں یہ بات آجایا کرتی تھی کہ کون کون سے دباؤ پاکستان پر ہیں اور کن کن ممالک کی آوازیں ان میں شامل ہیں لیکن اب اپنے ہی ملک میں آوازوں کا گلا اتنی بری طرح گھونٹ دیا گیا ہے کہ ہمارے خبر رسانوں کی آنکھیں اور زبانیں باہر نکلی پڑرہی ہیں۔ ہر قسم کے پرنٹ اور الیکٹرک میڈیا پر پابندیاں لگائے جانے کی وجہ سے لوگوں کو اصل صورت حال کا علم اس وقت ہوتا ہے جب کسی عمل کا رد عمل سامنے آرہا ہوتا ہے۔ جب حقیقت کسی بھی طور چھپائی جا ہی نہیں سکتی اور حقیقتِ حال کسی نہ کسی راستے عوام تک پہنچ ہی جاتی ہے تو کیا یہ بہتر نہیں کہ عوام تک ہر خبر اپنی پوری حقانیت کے ساتھ پہنچے تاکہ حکومت کی بجائے پاکستان کے عوام خود دشمن کو جواب دے سکیں یا حالات کی سنگینیوں کے پیش نظر مستقبل کیلئے اپنے آپ کو تیار رکھ سکیں۔ ایک جانب پاکستان کے وہ ذرائع جس کے توسط سے لوگوں تک کٹی پٹی خبریں پہنچتی ہیں ان پر شدید گرفت ہے تو دوسری جانب ویب کی سماجی سائیٹوں پر بھی پابندیاں بڑھتی جارہی ہیں جس سے ہوگا یہ کہ ہر قسم کی افواہوں اور منفی پروپیگنڈے کا راستہ مزید کھل جائے گا اور وہ خبریں، جن کو چھپایا جارہا ہے مزید بارہ مصالحوں کے ساتھ عوام کے سامنے آنا شروع ہوجائیں گی لیکن کیا کیا جائے کی اس نزاکت کو سمجھنے کیلئے کوئی تیار ہی نہیں ہورہا۔

یہی خبر کے نہ صرف کالعدم جماعت الدعوہ کو ایک بار پھر کالعدم قرار دیدیا گیا ہے، دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی جلد اور مؤثر کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، نیکٹا کو مزید فعال کیا جارہا ہے، جیسی خبر کے پیچھے کیا حقائق ہیں اور اب ایسے موقع پر جب عالمی عدالت میں کلبھوشن کا مقدمہ چل رہا ہو اور بھارت پاکستان پر ہر قسم کی دہشتگردی کا الزام لگارہا ہو، دنیا میں پاکستان کو ایک دہشتگرد ملک ثابت کرنے پر تلا ہوا ہو اور پاکستان اپنے ہی ملک کی سماجی اور اصلاحی تنظیموں پر پابندیاں عائد کر رہا ہو، تو کیا اہل پاکستان اس بات کی جستجو نہیں کریں گے کہ ایسا سب کچھ کس کے اشارے پر کیا جارہا ہے؟۔

 ایک جانب تو اہل پاکستان کا استعجاب اور دوسری جانب دنیا کے سامنے اپنے ہی مؤقف میں کمزوری کا اقرار اور تیسری جانب میڈیا پر کڑی پابندیاں، کیا یہ صورت حال پاکستان اور پاکستان کے عوام کے حق میں ہے؟۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دسمبر 2014میں ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان تیار کیا گیا تھا، جس کے تحت فوجی عدالتوں کا قیام، کالعدم تنظیموں پر پابندی، قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا)کو فعال اور موثر بنانا، نفرت انگیز تقاریر اور مواد کی روک تھام، دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ کی روک تھام سمیت دیگر اہم اقدامات کیے گئے تھے۔ پارلیمانی ایکٹ کے تحت نیکٹا کے چیئرمین موجودہ وزیراعظم  اور صوبوں کے گورنرز پر مشتمل ایک باڈی تشکیل دی گئی تھی جو ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن پر اپنے اجلاسوں میں اپنی تجاویز پیش کرنے  کی پابند تھی، اگر اس سب کے باوجود بھی وہ اب تک ایسی تنظیموں، بشمول جماعت الدعوہ، جیسے گروہوں کو تقریباً سات برسوں میں قابو میں نہ کرسکیں اور آج پھر اس بات کا اعادہ کیا جارہا ہے کہ ان تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تو کیا 7 سالوں کی غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف کسی بھی قسم کا کوئی ایکشن لیا ہی نہیں جائے گا؟۔ مکمل اختیارات اور طاقت کے باوجود بھی اگر دہشتگرد پورے ملک میں دندناتے پھر رہے ہوں تو پھر اتنے بڑے بڑے ادارے بنانے کی ضرورت ہی کیوں پیش آتی ہے۔

بظاہر تو یوں لگتا ہے کہ کالعدم تنظیموں اور بالخصوص جماعت الدعوہ کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کا حکم سول حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا ہے لیکن اس بات کو نہیں بھولنا چاہیے کہ یہ فیصلہ ایک مشترکہ (سول ملیٹری) میٹنگ میں ہوا ہے اس لئے اسے خالصتاً پی ٹی آئی کا فیصلہ سمجھنا اور شمار کرنا سخت نادانی ہوگی۔ اب تک کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ کراچی آپریشن سے لیکر جنوبی وزیرستان کے آپریشنز اور ملیٹری کورٹ بنائے جانے کے سارے فیصلے پاکستان کی عسکری قیادت کی منشا کے مطابق ہی ہوتے رہے ہیں جس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ ایک جمہوری حکومت کے ہوتے ہوئے بھی سارے فیصلے پارلیمنٹ سے باہر ہی ہوتے رہے ہیں۔ آج بھی جو فیصلہ آیا ہے جس میں وزیر اعظم نے اپنے دفاعی قانونی اختیارات سالار کے حوالے کئے ہیں وہ بھی پارلیمنٹ سے باہر ہی ہوا ہے جس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف سخت اقدامات بھی شامل ہیں۔ ان سارے فیصلوں میں یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ تنہا پی ٹی آئی کی حکومت ہی شامل ہو اس لئے  صرف  پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب اس پابندی کے اجرا کو منسوب کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

قرآن کا فرمان ہے کہ “اے ایمان والو وہ کہتے کیوں ہو جو کر نہیں سکتے (مفہوم)”۔ اس لئے میرا کہنا فقط اتنا ہے کہ ایک سچے مسلمان کو اپنے منھ سے وہی کچھ ادا کرنا چاہیے جو کچھ اس کے بس میں ہو اور وہ کرسکتا ہو۔ حدیث میں آتا ہے کہ “کہو میں اللہ پر ایمان لایا اور پھر اس پر ثابت قدم ہو جاؤ”۔ ان دونوں باتوں میں جس جانب اشارہ ہے وہ یہی ہے کہ یا تو کوئی دعویٰ کیا ہی نہ جائے یا کیا جائے تو پھر پائے استقامت میں لرزش آنا سخت گناہ ہے۔ لوگوں کو چھوٹی امیدیں دلانا، ان کو آسرے پر رکھنا، ان سے حقائق کو چھپانا جیسے کام حوصلوں کو بڑھوتری نہیں دیا کرتے بلکہ ان کے دلوں کو چھید کر رکھ دیتے ہیں۔ اگر ہم میں کمیاں ، کوتاہیاں اور کمزوریاں ہیں تو ان کو دور کرنا اچھی بات ہے لیکن اپنی آنکھوں اور دنیا کی آنکھوں میں مسلسل دھول جھونکنے سے پاکستان کا وقار مجروح تو ضرور ہو سکتا ہے بلند نہیں ہو سکتا۔ کاش یہ بات ارباب اقتدار و اختیار کی سمجھ میں آجائے۔

حصہ
mm
حبیب الرحمن ایک کہنہ مشق قلم کار ہیں وہ بتول، اردو ڈائجسٹ، سرگزشت، سنڈے میگزین(جسارت)، جسارت اخبار میں "صریر خامہ" ٹائیٹل اور کچھ عرحہ پہلے تک "اخبار نو" میں "عکس نو" کے زیر عنوان کالم لکھتے رہے ہیں۔انہوں نے جامعہ کراچی سے سیاسیات میں ماسٹرز کیا ہے۔معالعہ اور شاعری کا شوق رکھتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں