“بڑی رات”

ایک دو دن پہلے بازار جانے کا اتفاق ہوا غالباً عصر کا ٹائم تھا دکانیں بند ہونا شروع ہو گئیں میں نے حیرت سے پوچھا کیا یہ نماز کے لیئے بند ہو رہی ہیں میرے لیئے یہ ایک خلاف معمول بات تھی عموماً بازار میں اوقات نماز میں چندایک کے علاوہ کوئی دکان بند نہیں ہوتی،پوچھنے پر پتہ چلا آج بڑی رات ہے(شب برات )مغرب سے پہلے بازار بند ہو جائے گا،بازار سے واپسی پر میں سارا راستہ یہ سوچتی رہی اس رات کا احترام اپنی جگہ لیکن کیا یہ پانچ وقت نماز با جماعت سے بھی زیادہ اہم جس کے بارے میں میرے نبی مہربانؐ نے فرمایا کہ میرا جی چاہتا ہے کہ میں ان گھروں کو آگ لگا دوں جہاں مرد بغیر عذر شرعی گھروں میں نماز پڑھیں(مفہوم حدیث)،اس رات کا احترام اپنی جگہ لیکن کیا رمضان کی ان طاق راتوں سے بھی زیادہ جن کو ہزار مہینوں سے بہتر کہا،جس میں ہمارے نبی مہربانؐ مسجد میں معتکف ہو جاتے،جس مبارک رات کو رات بھر عبادت کے ذریعے تلاش کرنے کا حکم دیا گیا،جس میں بخشش فرمانے والے مہربان رب اپنے بندوں پر مغفرت اور بخشش کے خزینے لٹا تے ہیں،اور جن راتوں میں ہمارے یہ بازار چوبیس گھنٹے کے لیئے کھول دئیے جاتے ہیں وہ مہینہ جس میں شیطان کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے ہم اس راستے وہ زنجیریں اپنے ہاتھ سے توڑ دیتے ہیں،گاہک وتاجر دونوں اس بڑی اوردائمی تجارت کو چھوڑ کر اس تھوڑے فائدے کے لیئے اپنے قیمتی اوقات کا نقصان کر رہے ہوتے ہیں،ہونا تو یہ چاہیئے کہ جیسے اس بڑی رات کے اہتمام و احترام میں دکانیں و بازار بند کیے جا رہے تھے ایسا ہی ماحول اس ماہ عظیم میں بھی نظر آنا چاہیئے جس کی تیا ری ہمارے نبی مہربانؐ رجب سے شروع کر دیتے تھے، کیا ہی اچھا ہو کہ تراویح کے اوقات میں بازار بند کر دئیے جائیں گاہک و تاجر سب نماز تراویح ادا کریں اور خصوصاً رمضان کی طاق راتوں میں بازار جلدی بند کر دئے جائیں،تاکہ دنیا کے تھوڑے فائدے کے لئیے ان قیمتی گھڑیوں کا نقصان نہ ہوں جو نہ جانے آنے والے سال میں ہمارے نصیب میں ہو ں بھی یہ نہیں،اللہ رب العزت فرماتے ہیں جب وہ تجارت ہوتی یا کوئی تماشا ہوتادیکھتے ہیں تو اسکی طرف دوڑ پڑتے ہیں اور آپ کو کھڑا چھوڑ دیتے ہیں کہ دیجئے!جو اللہ کے پاس ہے وہ تماشے اور تجارت سے کہیں بہتر ہے اور اللہ بہتر رزق دینے والا ہے۔
کہیں تجارت کے نام پر بازاروں کی سجاوٹ و رونقیں اور کہیں رمضان ٹرانسمشن کے نام پر میڈیا پر تماشے جن کی طرف اللہ کے بندوں کی دوڑیں لگیں گی۔
اللہ رب العزت ہمیں ان عبادات کا صحیح شعور عطا کرے،اور انکے بہترین ثمرات سمیٹنے والابنائے(آمین)

حصہ

جواب چھوڑ دیں