کراچی کے تعارف کا ایک خوبصورت انداز

 گریفٹی آرٹ یا دیواروں کو تصویروں سے سجانے کا فن گزشتہ کچھ برسوں سے کراچی میں بھی نظر آنے لگا ہے۔ اس فن کو فروغ دینے کا مقصد شہر کی دیواروں کو صاف ستھرا کرنا اور شہر کی دیواروں کو خوبصورت بنانا ہے۔ شہر میں کئی مقامات پر دیواروں

کو خوبصورت تصویروں سے سجایا گیا ہے۔ان علاقوں میں ایم اے جناح روڈ، کیماڑی ، نمائش چورنگی ، کینٹ اسٹیشن وغیرہ شامل ہیں۔ان جگہوں پر بنائی گئی تصاویر بہت خوبصورت ہیں ۔ ان تصاویر میں پاکستان کے مشہور زمانہ ’’ ٹرک آرٹ‘‘ کی جھلک نظر آتی ہے۔

گو کہ یہ ساری ہی تصاویر بہت اچھی ہیں لیکن ہم  خصوصی طور پر صدر میں واقع سینٹ پیٹرک چرچ کے سامنے والی دیواروں پر بنائی گئی تصاویر کی بات کریں گے۔ ان تصاویر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ محض تصاویر نہیں ہیں بلکہ تصاویر کے ذریعے کراچی

کا ایک تعارف پیش کیا گیا ہے۔ دوسری خاص بات یہ کہ یہ تعارف اردو قاعدے کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔یہ ایک بہت خوبصورت کاوش ہے اور دیکھنےوالوں کو بہت بھلا معلوم ہوتا ہے۔ اگر آپ کو کبھی اس طرف جانا ہو توان گلیوں میں ضرور جایئے گا اور یہ خوبصورت قاعدہ ضرور دیکھیے گا۔

                یہاں ہم اس کی کچھ تصاویر آپ کے سامنے پیش کررہے ہیں۔ ساری تصاویر پیش نہ کرنے پر معذرت قبول کیجیے،

لیکن اس کی وجہ یہ ہے کہ جب ہم یہاں کی تصاویر بنانے لگے تو تین مشکلات پیش آئیں۔ ایک تو اس سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت کے باعث تصویر بنانا مشکل تھا، جیسے ہی ہم کلک کرتے اسی وقت کوئی گاڑی ، کو موٹر سائیکل کیمرے کے سامنے آجاتی۔ دوسری بات یہ کہ چرچ کے ساتھ واقع اسکول کی گاڑیاں دیوار کے ساتھ کھڑی تھیں جس کے باعث کئی تصاویر ان گاڑیوں کے پیچھے چھپ گئیں جب کہ تیسری وجہ کا

 

تعلق ہمارے خوف سے تھا۔ خوف یہ کہ یہ حساس علاقہ تھا، ہمیں ڈر تھا کہ کہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارکان ہمیں مشکوک سمجھ کر دھر نہ لیں اس لیے جتنی تصاویر لے سکتے تھے اسی کو غنیمت جان کر ہم نے باقی تصاویر کو چھوڑ دیا۔

                اب ان تصاویر کو دیکھیے اور ان کے فنکاروں کے فن کی داد دیجیے۔ یہ تصاویر نہیں بلکہ دراصل کراچی کی تاریخ یا انسائیکلو پیڈیا بھی ہے۔

حصہ
mm
سلیم اللہ شیخ معروف بلاگرہیں ان دنوں وہ درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیچرز ٹریننگ بھی کراتے ہیں۔ درس و تردیس کے علاوہ فری لانس بلاگر بھی ہیں اور گزشتہ دس برسوں سے مختلف اخبارات اور ویب سائٹس پر مضامین لکھ رہے ہیں۔ ...

2 تبصرے

  1. انتہائی خوبصورت اور جاذب نظر، فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے اور ھم ان تصاویر کو سوشل میڈیا پر شئیر کر کے اس طرح بآسانی کر سکتے ہیں ۔

جواب چھوڑ دیں