میرا قلم لہو لہو 

یہ پر فتن میڈیا، باقی نقصانات جو بھی دیتا ہے، ایک انسان چاہے وہ دنیا میں جہاں کہیں بھی ہو، اس کے خیالات اور مقاصد ہر کسی کے سامنے کھول کر رکھ دیتا ہے۔ پہلے تو دشمن سے مراد کوئی خاص ملک ہوتاتھا لیکن اب میڈیا کی بدولت اپنے ہی گھر کے دشمن بھی منظرِعام پر دندناتے پھرتے ہیں۔
کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک اور بھارت کے مظالم پر کئی دنوں سے ویڈیوز اور خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ ایک ویڈیو میں دکھایا جا رہا تھا کہ نہتے کشمیری جوانوں پر بھارتی فوج فائرنگ کر رہی ہے جس کا جواب ان کو پتھروں اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعروں سے دیا جا رہا ہے۔
اسی ویڈیو پر کیا گیا ایک کمنٹ عرض کرتی چلوں۔۔۔
’’سارا قصور کشمیریوں کا ہے۔ جان بوجھ پر پاکستان کے جھنڈے لہراتے ہیں اور فوجیوں کو اشتعال دلاتے ہیں۔ اگر یہ سب بند کر دیں تو وہاں بھارت نے بہت امن قائم کیا ہوا ہے‘‘۔
بجا فرمایا، آخر قصور کشمیریوں ہی کا ہے، کہ ان کی جنت پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ کشمیر کے بغیر نہ تو پاکستان قائم رہ سکتا ہے اور نہ ہی کشمیر اپنی جداگانہ حیثیت بنا سکتا ہے۔ یہ بھی کشمیریوں کا قصور ہے کہ بھارت کا کشمیر پر ایک غیر فطری قبضہ ہے۔ جغرافیائی خدوخال کی مناسبت سے کشمیر کا بھارت سے کوئی تعلق نہیں۔ کشمیریوں ہی کا قصور ہے کہ ان کا پاکستان سے نہ صرف جغرافیائی تعلق ہے، بلکہ اصل رشتہ لا الٰہ الا اللہ کا ہے۔
سارا قصور کشمیر کا ہے، بس ہمارا المیہ محض اتنا ہے کہ کبھی تاریخ جاننے کی زحمت نہیں کی۔ بلکہ اگر تاریخ پڑھ لی جائے تو قصور واقعی پاکستان کا بھی ہوگا کہ آخر پاکستان کو بھارت سے الگ ہونے کی ضرورت ہی کیا تھی۔ ’’سب‘‘مل جل کر امن سے رہ تو رہے تھے !!!
ایک دفعہ براہِ راست مجھ سے مخاطب ہو کر یہ تک کہا گیا کہ
’’کشمیر کو ہم جینے نہیں دے رہے۔ ان کو بھارت ہی کے حوالے کردو تاکہ سکھ کا سانس تو لیں‘‘۔
کیا ہم جنت میں بہنے والے ہر خون کے قطرے کو روند دیں؟
کیا ہم اس پرچم کو روند دیں جس کا چاند تارا عجیب انداز میں بنا ہوتا ہے، مگر اس پرچم کو لہرانے والے پاکستان سے اتنی محبت کرتے ہیں جتنی ہم خود نہیں کرتے؟
کیا ہم لا الٰہ الا اللہ کے نعروں کی گونج کو دبا دیں؟
کیا اپنی شہہ رگ بدن سے جدا کردیں؟
ہرگز نہیں !!!!
جو بھی اس قسم کی تحریروں، کمنٹس اور پوسٹس ہیں ہمارے حوصلے آزمانا چاہتے ہیں اور ہمارا نظریہ بدلنا چاہتے ہیں۔۔۔۔۔۔ ہم ان ناپاک مقاصد کا نام و نشان مٹا دیں گے۔
کشمیر ہمارا تھا۔۔۔۔اور کشمیر پاکستان بن کر رہے گا۔
کشمیریوں سے رشتہ کیا؟ لا الٰہ الا اللہ
یہ داستانِ خونچکاں، یہ وادیاں لہو لہو
میرا قلم لہو لہو، میری زباں لہو لہو

جواب چھوڑ دیں