ہماری سوچ کا کینوس چھوٹا کیوں ہے؟

یوم پاکستان آیا ،افسردگی اور بیچارگی لئے گذر گیا۔اخبارات اور رسائل نے بے تحاشا مضامین شائع کئے،اپنا فرض جانتے ہوئے یا پھر اپنے صفحات بھرنے کی غرض سے۔ مختلف اخبارات میں وزرائے اعلی کی طرف سے قائد(قائد اعظم)اور اقبال(علامہ اقبال)سے عہد کے پوسٹر شائع کئے گئے۔ہم زندہ قوم ہیں پائندہ قوم کے ملی نغمے ٹیلی ویژن چینل پر چلائے گئے سوشل میڈیا پر یوم پاکستان مبارک کے فارورڈ میسیجز بھیجے گئے۔سیاسی شخصیات کی جانب سے ٹوئیٹس بھیج دئیے گئے، اللہ اللہ خیر سلا، دن ختم ہوا وہی لوٹ کھسوٹ وہی چور بازاری، گدھوں کی طرح نوچ نوچ کر کھانے کا عمل جاری۔
الیکٹرانک میڈیا کی جانب سے ملک کو بدنام کرنے کا عمل اس دن بھی نہ رکا مختلف چینلز کی جانب سے سڑکوں پر سروے کیا گیا کہ کتنے لوگوں کو معلوم ہے کہ آج کیا دن ہے؟ آج کیوں گورنمنٹ کی طرف سے چھٹی دی گئی ہے؟۔کسی نے کہاآج پینسٹھ کی جنگ ہوئی تھی ،کسی نے کہا آج پاکستان آزاد ہوا تھا ۔ مختصراً یہ کہ دوسرے ممالک میں یہ تاثر گیا کہ پاکستانی عوام اپنی تحریک آزادی کے حوالے سے کچھ نہیں جانتے۔میڈیا کا کام پورا ہوا اور دنیا کے لئے ہنسی ٹھٹھ کا سامان ہوا۔
کاش کہ ہم اس دن بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرتے اور اپنے ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے۔کوئی ٹیلی فلم بناتے جو کسی فوجی، کسی سماجی شخصیت یا کسی بھی شعبے میں ملک و قوم کیلئے خدمات سرانجام دینے والے قومی ہیرو کے اعزاز میں اس کردار کو سراہنے کے لیے بنائی جاتی۔ قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو اپنے ماضی کے کارناموں کو اپنے قومی ہیروز کو اپنے نوجوانوں کے لیے رول ماڈل بناکر پیش کرتی ہیں ہمارے ملک کی تاریخ اور ہمارے دین کی تاریخ میں ایسے ان گنت کردار موجود ہیں لیکن ہمارا میڈیا انڈین فلم انڈسٹری کے ہیروز کو رول ماڈل بناکر پیش کررہا ہے مارننگ شوز میں انڈین گانوں پر رقص،ہر ہفتے ایک انڈین مووی، انڈین ہیروز کے جنم اور مرن دن کی خبریں ،انڈین انڈسٹری کے ہیروز کی موت پر سوگ کا سماں بندھ جانا۔ہاں اپنے ہیرو بھی دکھاتے ہیں کسی چائے والے کو ہیرو بنا کر پیش کردیتے ہیں،کسی سیاسی شخصیت کی تعریف میں آسمان اور زمین کے قلابے ملا دیتے ہیں،کسی سیاسی شخصیت کی شادی، کسی کی طلاق،کسی سیاسی شخصیت کی جانب سے کسی دوسرے کے متعلق فحش گفتگو۔دراصل ہمارے میڈیا پرسن کے نزدیک ہیرو کا کینوس بہت چھوٹا ہے اور اس کینوس کو بڑا کرنا بہت مشکل ہے!بہت مشکل ہے!۔

2 تبصرے

  1. بالکل صحیح ۔عوام کو یوم پاکستان پر آگہی دینے کے بجائے لاعلمی کا تاثر پھیلانا میڈیا کی پالیسی رہی

جواب چھوڑ دیں