’’ڈاکٹر عافیہ ، سراج الحق اور عمران خان‘‘

مریم ایوون ریڈلے کا پاکستانی قوم پر یہ احسان تاقیامت رہے گا کہ اس نے عافیہ کی بگرام کے امریکی عقوبت خانے میں موجودگی کے بارے میں سب سے پہلے پاکستانی قوم کو آگاہ کیا تھا۔یہ وہ وقت تھا جب دہشت گردی کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی وہ جنگ جس کے کوئی اصول و ضوابط نہیں تھے، عروج پر تھی۔ اس وقت امریکہ کا پاکستان کے حکمرانوں پر اثرورسوخ اور دباؤ بھی نقطہ عروج پر تھا۔ پاکستان میں امریکی جاسوس اور بلیک واٹر کے ایجنٹ دندناتے پھرتے تھے۔ ایسے وقت میں مریم ریڈلے کو پاکستانی سیاسی قیادت میں کوئی قابل اعتماد لیڈر نظر آیا تو وہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان تھے جن کے ہمراہ انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرکے انکشاف کیا تھا کہ بگرام، افغانستان کے خفیہ امریکی ٹارچر سیل میں قیدی نمبر 650 آپ کی قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی ہے۔گذشتہ دنوں سوشل میڈیاکے توسط سے معروف ٹی وی اینکر معید پیرزادہ کی عمران خان اورمریم ریڈلے سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس سے متعلق 8 سال قبل کے ایک انٹرویو کی وڈیو دیکھنے کا موقع ملا جو کہ اس کالم کے لکھنے کا محرک بنا۔
میں پہلے عمران خان اور مریم ریڈلے کے اس انٹرویو کا لفظ بہ لفظ متن پیش کررہا ہوں پھر اس کے بعد پاکستان کی سیاسی قیادت کی خدمت میں اپنی عرضی پیش کروں گا۔ معید پیرزادہ نے انٹرویو کی ابتداء اس سوال سے کیا کہ : پاکستان میں کچھ ذرائع یہ کہتے ہیں کہ عافیہ کی ساری کہانی جھوٹ پر مبنی ہے… تو مریم ریڈلے نے معید پیرزادہ سے سوال کیا کہ : وہ کون سے ذرائع ہیں۔ ان لوگوں کا نام بتائیں؟… تو اس موقع پر عمران خان نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ … کیا یہ ریاست کی ذمہ داری نہیں ہے کہ ایک عورت جو اپنے 3 بچوں کے ساتھ لاپتہ ہوگئی ہے …جبکہ اس کی ماں اور بہن یہ کہہ رہی ہے کہ ’’ان کی بہن 3 بچوں کے ساتھ اغواء کرلی گئی ہے…کیا حکومت کو اس کی باقاعدہ تحقیقات نہیں کرنی چاہئے بجائے اس کے وہ اس کو جھوٹ قرار دے۔یہ حکومت کی ذمہ داری ہے … یہ انتہائی زیادتی ہے ایک MIT گریجویٹ عورت اور اس کے 3 بچوں کے ساتھ ۔اس پر سینیٹ میں اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی بحث ہوئی ہے۔(معید پیرزادہ) حکومت نے اس عافیہ کے مقدمے کے لئے 2 ملین ڈالر بھی خرچ کئے ہیں اور امریکہ میں پاکستانی سفیر نے وہاں سب سے ملاقاتیں کیں اور پھر وہ پاکستان بھی آئے کراچی میں عافیہ کی ماں سے ملاقات کی تو پھر آپ یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ حکومت نے کچھ نہیں کیا؟سب جانتے ہیں کہ عافیہ کی ماں اور اسکی بہن حکومت کے کردار کے بارے میں کیا کہہ رہی ہیں اور پاکستانی سفیر کو تو امریکہ کا سفیر کہنا چاہئے وہ تو امریکی مفادات کی نگرانی کررہے ہیں…اور شاہ سے بڑھ کے شاہ کے وفادار کا کردار ادا کررہے ہیں …اس لئے ان سے ہمیں کوئی توقع نہیں ہے۔ حقیقت یہ ہے کے متاثرہ خاندان یعنی عافیہ کی ماں اور بہن کو عدالت میں جانے کی اجازت دی جائے …تاکہ وہ اپنا موقف عدالت کے سامنے پیش کرسکیں اور اس کی مکمل تحقیقات کی جائے …اصل مجرم وہ ہیں جنہوں نے اسے اغواء کیا اور پھر امریکہ کے حوالے کیا۔ (معید پیرزادہ) کیا آپ سمجھتی ہیں کہ اگر پاکستان میں تحقیقات کی جائیں اور یہ ثابت کیا جائے کہ عافیہ صدیقی کو پاکستانی ایجنسیوں نے اغواء کیا اور امریکہ کے حوالے کیا …تو کیا امریکہ کا عدالت میں کیس بہت کمزور ہوجائے گا۔ (مریم ایوون ریڈلے) امریکی کیس کی کوئی بنیاد نہیں ہے …ایک پاکستانی عورت پر افغانستان میں ہونے والے … جرم پر امریکی عدالت میں مقدمہ چلایا جاسکتا ہے۔ یہ ایک بے بنیاد مقدمہ ہے۔ ہمیں یہاں بیٹھ کر یہ سوال پوچھنے کے بجائے ہمیں چاہئے کہ حکومت سے کہیں کہ وہ امریکی حکومت سے عافیہ صدیقی کو…پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرے۔ (معید پیرزادہ) اب جب کہ امریکی عدالت نے عافیہ صدیقی کو مجرم قرار دے دیا ہے۔ چاہے کیس کچھ بھی ہو …تو اب حکومت پاکستان امریکی حکومت سے عافیہ کی واپسی کا مطالبہ کیسے کرسکتی ہے۔ (عمران خان) حقیقت یہ ہے کہ جیوری کے سامنے تمام حقائق نہیں رکھے گئے … بنیادی سوال یہ کہ وہ پاکستان سے کیسے اغواء ہوئی … اور افغانستان 3 بچوں کے ساتھ کیسے پہنچی جب تک اس کی باقاعدہ تحقیقات نہیں ہوتی سچ … سامنے نہیں آئے گا آپ کو سچ تک پہنچنے کے لئے اس کی تحقیقات کرنی ہوں گی … اور یہاں ی صورتحال ہے کہ حکومت نے اب تک اس کی کوئی تحقیقات نہیں کیں۔ اس حکومت (زرداری) کو مشرف کی پالیسیوں پر نہیں چلنا چاہئے۔ انہیں چاہئے کہ سارے معاملے کی تحقیقات کریں کم ازکم عافیہ کی ماں اور بہن سے جاننا چاہئے … (معید پیرزادہ) کیا آپ چاہتے ہیں کہ اعلیٰ سطح پر اس کی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں کہ مارچ 2003 میں کیا ہوا تھا؟ (عمران خان) بالکل اگر آپ کو حقیقت پتہ چل جاتی ہے کہ عافیہ پاکستان سے کس طرح لاپتہ ہوئی تو نیویارک میں چلنے والا سارا کیس ختم ہوجائے گا …کیوں کہ سارا کیس اسی جھوٹ پر کھڑا کیا گیا ہے کہ یہ عورت 3 بچوں کے ساتھ جن میں ایک 6 ماہ کا (بچہ ) ہے پاکستان سے افغانستان پہنچتی ہے … امریکیوں پر حملہ کرنے کے لئے اوریہ ساڑھے 4 فٹ کی کمزور سی عورت گن اٹھا کر امریکی فوجیوں پر حملہ کرتی ہے۔ یہ سب جھوٹ ہے اور یہ جو ہم کہہ رہے ہیں یہ سچ ہے اور اس کے گواہ موجود ہیں … اس کی ماں اور انکل نے مجھے 2003 میں فون کیا تھا… اور مجھے ساری صورتحال یاد ہے کہ کیاہوا تھا۔ اس کا نام FBI کی لسٹ میں شامل ہوا تھا اس لئے وہ اسلام آباد آنا چاہتی تھی۔ (معید پیرزادہ) یہ تو پہلا قدم ہوا مگر اس کے علاوہ اور کیا کرنا چاہئے اس سلسلے میں۔(عمران خان) میں سمجھتا ہوں کہ حکومت کو ایک اعلیٰ سرکاری وفد بنانا چاہئے جو امریکہ جائے اور نہ صرف امریکہ …کے کانگریس کے اراکین سے ملیں بلکہ میڈیاسے بھی ملیں … اور انہیں بتائیں کہ اس سے امریکہ کے تشخص کو نقصان پہنچ رہا ہے … اور اس سے امریکہ کے خلاف انتہا پسندی اور دہشتگردی کو فروغ مل رہا ہے کیوں کہ …جس طرح سے عافیہ اور اس کے بچوں کے ساتھ سلوک کیا گیا …اس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ امریکی شہریوں کے لئے قانون اور ہے اور مسلمانوں کے لئے اور ہے …اس سے امریکہ کے خلاف نفرت میں اضافہ ہورہا ہے۔ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نقصان پہنچ رہا ہے… آپ اسی صورت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں … جب آپ لوگوں کے دل جیتیں گے۔اس طرح سے تو دہشت گردوں کو فائدہ ہورہا ہے۔ امریکی میڈیاکو اس پاکستانی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے ذریعے قائل کیا جائے اور … امریکی قانون سازوں کو بھی۔ (معید پیرزادہ) ایوون، عمران کے خیال میں ایک عدالتی تحقیقاتی کمیشن قائم کرنا چاہئے اور ایک سرکاری وفد … امریکہ بھیجنا چاہئے۔ آپ کے خیال میں اب عافیہ پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد کیاکیا جاسکتا ہے؟ (مریم ایوون ریڈلے) اسے امریکہ میں انصاف نہیں ملے گا اور پاکستانی حکومت بھی اسے انصاف دلانے کے لئے کچھ … نہیں کررہی ہے۔ اس لئے یہ پاکستانی عوام کو ہی کرنا ہوگا جیسے لانگ مارچ اور احتجاجی ریلیاں وغیرہ … جب تک سیاستدان اس پر توجہ نہ دیں کیوں کہ جو لوگ حکومت میں ہیں … وہ میڈیا کے سامنے آکر تو کہہ دیتے … مگر اصل میں وہ کچھ بھی نہیں کررہے ہوتے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ہم اس معاملے… میں اپنی جان چھڑالیں گے۔ اور ہم نے دیکھا کہ برطانیہ کے لارڈ نذیر احمد نے … واشنگٹن جا کر وہاں سے لوگوں س اس معاملے پر بات کی …اور انہیں وہاں جاکر معلوم ہوا کہ پاکستانی حکومت نے اس معاملے پر کچھ کیاہی نہیں اور نہ ہی سرکاری … طور پر عافیہ صدیقی کو پاکستان کے حوالے کرنے کی درخواست کی ہے۔ پاکستانی حکومت جو کہ عوام کے ٹیکسوں سے 2 ملین ڈالر کی رقم عافیہ کے کیس پر خرچ کررہی ہے اس نے عافیہ کو پاکستان کے حوالے …کرنے کی درخواست ہی نہیں کی ہے۔ (معید پیرزادہ) آپ سمجھتی ہیں کہ پاکستانی حکومت صرف عوام کو مطمئن کرنے کے لئے یہ سب کر رہی ہے؟ (مریم ایوون ریڈلے) ہاں مگر میں یہ ضرور جاننا چاہتی ہوں کہ آخر عافیہ صدیقی ایسا کیا جانتی ہے … جو پاکستانی حکومت عافیہ کو واپس نہیں بلانا چاہتی ؟(معید پیرزادہ) عمران صرف عافیہ صدیقی ہی نہیں جیسا کہ مشرف نے اپنی کتاب میں لکھا ہے سینکڑوں کی تعداد …میں پاکستانی امریکہ کے حوالے کئے گئے۔ تو ایسا کیا کرنا چاہئے کہ یہ سب دوبارہ نہ ہوکہ پاکستانی گرفتار … کئے جائیں اور بغیر کسی قانونی کاروائی کے غیرملکیوں کے حوالے کئے جائیں … (عمران خان) ہمارے پاس اتنا مضبوط عدالتی نظام ہونا چاہئے جو کہ پاکستانی شہریوں کے حقوق کی حفاظت کرے … جو کچھ ہوا ہے وہ غیرآئینی ہے غیرقانونی اور لوگوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ مختلف الزامات کی بنیاد پر یہاں لوگوں کو اٹھایا گیا ۔ کچھ امریکہ کو بیچ دیئے گئے۔ اور بہت سے مار دیئے گئے۔ ماورائے عدالت قتل پاکستان میں اب بھی جاری ہیں۔ ڈرون حملے بھی ماورائے عدالت قتل ہیں۔ کوئی قانونی جواز نہیں ہے کہ آپ خود ہی جج ہوں اور خود ہی سزا دیں۔ کچھ لوگ امریکی CIA بیس پر بیٹھے فیصلہ کررہے ہیں کہ فلاں جگہ بمباری کرنی ہے۔ کوئی پرواہ نہیں کہ کتنی معصوم جانیں ضائع ہور ہی ہیں … اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سال 44 ڈرون حملوں میں مرنے والے 708 افراد میں سے 700 عام شہری تھے اور صرف 8 دہشت گرد۔ لہٰذا اس طرح ماورائے عدالت اقدامات پاکستانیوں کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ ہماری اپنی فوج کو رہائشی علاقوں میں بمباری نہیں کرنی چاہئے۔ ایسا تب ہی ہوتا ہے جب حکمران خود کو قانون سے بالاتر سمجھیں۔ اور امریکہ اسی بات کا فائدہ اٹھاتا ہے۔ایک آمر کے جانے کے بعد دوسرا NRO آمر ہم پر مسلط ہے۔ اور چونکہ یہ کٹھ پتلی حکمران ہیں اس لئے … پاکستانی قانون کی توہین کرتے ہیں۔
اس انٹرویو کا لنک https://www.youtube.com/watch?v=Y6cW_zHNBvI یوٹیوب پر آج بھی موجودہے۔2 مارچ،2010 کو یہ انٹرویو عافیہ کی 38ویں سالگرہ کے موقع پر ایک نیوز چینل سے نشر کیا گیا تھا۔ اس وقت امریکی عدالت نے عافیہ کی 86 سالہ سزا کا فیصلہ محفوظ کرلیاتھا۔اب عافیہ کی قیدناحق کو 15 سال مکمل چکے ہیں اس دوران وہ اپنے تین کمسن بچوں سمیت 5 سال تک لاپتہ بھی رہی تھی۔ان 15 طویل سالوں کے دوران پاکستان کی تین قومی اسمبلیوں نے اپنی مدت معیاد مکمل کرلی ہے۔ اب چوتھے عام انتخابات کے دن نزدیک آتے جارہے ہیں۔مشرف کے ماتحت حکومت اور اسمبلی دونوں ہی آزاد نہ تھی اسی لئے اس دورکی جمہوری حیثیت کو تسلیم نہیں کی جاتا ہے اس لئے اس پر بحث کی ضرورت ہی نہیں ہے مگراس کے بعد زرداری اور نوازشریف کا دوربھی کچھ کم آمرانہ نہیں گذرا۔ اس پورے دس سالہ دور میں حکمرانوں، اس کے اتحادیوں اور سرکاری حکام نے مالی بدعنوانی اوراختیارات کے ناجائز استعمال کے بدترین ریکارڈ قائم کئے ۔ انہوں نے ملک سے غیرقانونی طور پر اربوں ڈالر کی بدترین منی لانڈرنگ کے ذریعے مختلف ممالک میں ناجائز دولت کے انبار لگا دیئے گئے ، اربوں روپے کی جائیدادیں اور کاروبار بنائے ۔ حکمرانوں، سیاستدانوں اور بیوروکریسی کی یہ مالی اور اختیاراتی کرپشن جب ملک کی سلامتی اور بقاء کیلئے خطرہ بن گئی تو ریاست کو حرکت میں آنا پڑا۔پانامہ لیکس اسکینڈل نے برسراقتدار سیاسی قیادت کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرنے کی بنیاد فراہم کی جس کا سہرا تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے سر جاتا ہے جو عرصہ دراز سے ملک میں انصاف پر مبنی نظام قائم کرنے اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کررہی تھیں۔ اس معاملے میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی قیادت کے کردار کو نہ سراہنا زیادتی ہوگی۔
ڈاکٹر عافیہ بھی حکمرانوں اور سرکاری حکام کی کرپشن کی متاثرہ ہے جسے انصاف فراہم کرنے کا فریضہ ریاست اور ریاستی حکام کو ادا کرنا باقی ہے۔ یہ فرض اور قرض پاکستانی قوم پر ہی نہیں پوری امت مسلمہ پر واجب الاداہے۔جماعت اسلامی کے موجودہ و سابق امیر اور دیگر اکابرین عافیہ کے معاملے کو ہر پلیٹ فارم پر اٹھانے میں پیش پیش رہے ہیں۔ اب جبکہ دینی جماعتوں نے ’’ متحدہ مجلس عمل ‘‘کو ایک مرتبہ پھر فعال کردیا ہے تواس خالص دینی اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں کو ڈاکٹر عافیہ کی باعزت وطن واپسی کو اپنے دستوراور جدوجہد میں اولین ترجیح دینی چاہئے۔جماعت اسلامی کے امیر جناب سرج الحق کو اپنی سابقہ روایت کے مطابق فوری کردار ادا کرنا چاہئے۔ جہاں تک بات ہے تحریک انصاف کے چیئرمین جناب عمران خان کی تو ان کی خدمت میں عرض ہے کہ عافیہ کی وطن واپسی کیلئے عملی جدوجہد کا آغاز آپ نے ہی کیا تھا اب وقت آگیا ہے کہ عافیہ کو واپس لا کر اس کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیں۔میرے یہ الفاظ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کررہے ہیں۔ عافیہ کی وطن واپسی کیلئے تمام سیاسی قیادت کو ایک پیج پر آجانا چاہئے ۔ یہ کسی ایک دینی یا سیاسی جماعت کا ایشو نہیں ہے۔ یہ اقوام عالم میں پاکستان کی عزت اور وقار کا معاملہ ہے۔ پاکستان کے عوام تو اسی طرح سوچتے ہیں اب یہ سوچ سیاسی قائدین کو بھی اپنے اندر پیدا کرنی چاہئے۔ عمران خان صاحب، خدارا اس نیک مقصد کیلئے پاور میں آنے کا انتظار نہ کریں ، اس کی ابتداء ابھی سے کردیں کیونکہ اقتدار میں آکر آپ کو یہ کام سرکاری حکام سے لینا ہے۔ان کو ابھی سے آئین اور قانون کا پابند بنائیں۔

جواب چھوڑ دیں