آپ خود کو صرف59 سیکنڈز میں بدل سکتے ہیں

آپ صرف 59 سیکنڈز میں اپنی شخصیت میں نمایاں تبدیلی لاکر ایک خوشگوار زندگی کا آغاز کرسکتے ہیں جی ہاں ایک منٹ سے بھی کم وقت میں۔ یہ دعویٰ معروف ماہر نفسیات رچرڈ وائز مین نے اپنی کتاب’59 سیکنڈز، تھنک اے لٹل، چینج اے لاٹ‘ میں کیا ہے۔انہوں نے اپنی تصنیف میں چند ایسے سادہ اصول بیان کیے ہیں جن پر عمل کر کے کوئی بھی شخص اپنی زندگی میں بہت بڑی تبدیلی لاسکتا ہے۔ٹائمز نے اپنے ایک مضمون میں وائز مین کی کتاب کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے۔رچرڈ وائز مین نے فریب کے موضوع پر نفسیات میں پی ایچ ڈی کی ہے۔
وائز مین ماضی میں شعبدہ بازی کیا کرتے تھے اور اپنے کمالات سے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیتے۔وہ کہتے ہیں کہ روزمرہ زندگی میں بہت ہی معمولی تبدیلیوں سے بڑے پیمانے پر سکون اور خوشی حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے اپنی کتاب میں انسانی نفسیات کے موضوع پرسائنسی جریدوں میں شائع ہونے والے کئی مطالعاتی جائزوں کے نتائج کو بنیادبنا کر خوشگواراور کامیاب زندگی گذارنے کے چند سادہ اور آسان اصول تجویز کیے ہیں۔ وائز مین کا دعویٰ ہے کہ ان کے مشوروں کی بنیاد سائنسی اور ٹھوس حقائق پر ہے اور عملی زندگی میں ان کے اثرات زیادہ نمایاں طورپر محسوس کیے جاسکتے ہیں۔انہوں نے اپنی کتاب میں ، کام، تعلقات، توجہ حاصل کرنے، فیصلہ کرنے اور ذہنی دباؤجیسے موضوعات پر تفصیل سے گفتگو کی ہے۔ چینل فور کے ڈرین براؤن نے کتاب پر اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ وائز مین کے مشوروں کی بنیاد قیاس یا نظریہ نہیں ہے بلکہ وہ سائنسی طورپر تصدیق شدہ ہیں۔کتاب میں دیے گئے چند مشورے یہ ہیں۔
اپنے جیون ساتھی کی تصویر اپنے بٹوے یا پرس میں رکھنے سے محبت بڑھتی ہے اور غیروں کی طرف دیکھنے کی حاجت نہیں رہتی۔
اگر آپ اکثر اپنا بٹوا یا پرس کہیں رکھ کر بھول جاتے ہیں، یا کھو دیتے ہیں تو اس میں ایک خوبصورت بچے کی تصویر نمایاں انداز میں رکھیں۔ زیادہ امکان یہ ہے کہ بٹوا یا پرس گم ہوجانے کی صورت میں آپ تک واپس پہنچ جائے گا۔
اگر کسی اہم میٹنگ میں آپ دوسروں کی توجہ حاصل کرکے نفسیاتی فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کا سادہ اور فوری طریقہ یہ ہے کہ مجمع کے عین درمیان میں بیٹھنے کی کوشش کریں۔
اگر آپ اپنی شخصیت میں مثبت تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو ان چیزوں پر توجہ دیں جنہیں آپ ناپسند کرتے ہیں اورایسے انداز سے اجتناب کریں جس سے کسی کے تمسخر یا دل آزاری کا پہلو نکلتا ہو۔
اگر آپ اپنی خوشیوں میں نمایاں اضافہ چاہتے ہیں تو نہ چاہتے ہوئے بھی اپنے چہرے پر زبردستی مسکراہٹ لائیں اور 20 سیکنڈز تک مسکراتے رہیں۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ کوئی دوسرا آپ کے لیے اچھے جذبات رکھے تو بجائے اس کہ آپ اس کے لیے کوئی بڑا کام کریں،اسے یہ موقع دیں کہ وہ آپ کے ساتھ کوئی چھوٹی سی بھلائی کرے۔
اگرآپ وزن پر کنٹرول یا کسی اور وجہ سے اپنا کھانا پینا گھٹانا چاہتے ہیں تو اس کا آسان نسخہ یہ ہے کہ پینے کے لیے لمبا اور پتلا گلاس استعمال کریں ، کچن میں ایک آئینہ لگائیں اورکھانے کی میز پر اپنے کھانے سے متعلق ایک ڈائری رکھیں۔
چیزیں خریدنے کی بجائے ایسی دلچسپیوں پر پیسہ خرچ کریں جن سے آپ کوتجربات حاصل ہوں اور آپ کوئی ہنر سیکھ سکیں، تقریبات میں شرکت کریں، فلمیں دیکھنے جائیں، ایسے مقامات اور ریستورانوں میں جائیں جہاں آپ پہلے نہ گئے ہوں۔
دوسروں کے ساتھ کام کرنے کے مواقع تلاش کریں یا لوگوں سے اس بارے میں بات کریں۔
اپنے مقصد میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس کے متعلق اپنے دوستوں، خاندان کے افراد اور کام کی جگہ کے ساتھیوں کو بتائیں۔
خوشگوار تعلقات کے لیے ضروری ہے کہ کسی کی ایک خرابی بیان کرنے کے لیے پہلے اس کی پانچ خوبیاں بھی گنوائیں۔
ملازمت کے لیے انٹرویو کے موقع پر اپنا اعتماد قائم کرنے کے لیے انہیں اپنی کسی واضح کمزوری کے بارے میں بتائیں۔
اپنی شخصیت کو یکسانیت سے بچانے کے لیے دانستہ طورپر کوئی نیا مشغلہ شروع کریں۔
کسی نئی تنظیم کے رکن بنیں، کوئی نیا ہنر سیکھیں ، کوئی نیا پراجیکٹ شروع کریں یا نئے لوگوں سے ملیں۔
وائز مین نے اپنی کتاب میں لکھتا ہے کہ ان مشوروں پر عمل کے لیے آپ کا ایک منٹ بھی صرف نہیں ہوتالیکن آپ کی زندگی پر اس کے خوشگوار اثرات ایک طویل مدت تک قائم رہتے ہیں۔

حصہ
عبد الولی خان روزنامہ جنگ سمیت متعدد اخبارات و جرائد میں اپنے صحافیانہ ذوق کی تسکین کے بعد ان دنوں فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ چلا رہے ہیں۔انشاء پردازی اور فیچر رپورٹنگ ان کی دلچسپی کا خاص میدان ہے۔

1 تبصرہ

  1. ولی صاحب نے بہت اچھا ترجمہ کیا ہے ، اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ، خود کو بدلنا بہت مشکل کام ہے لیکن کوشش کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے.

Leave a Reply to عارف انجم