فیس بک جیل اور اس سے بچنے کے طریقے

فیس بک جیل۔۔۔ یقینی طور پر یہ اصطلاح فیس بک صارفین کے لیے نئی ہوگی۔ عام طور پر اکثر فیس بک صارفین یہ شکایت کرتے نظر آتے ہیں کہ پتہ نہیں ان کا اکاؤنٹ یا ان کا پیج فیس بک نے عارضی یا مکمل طور پر بلاک کردیا ہے۔ اصل میں اس بلاک کرنے کے پیچھے کوئی نہ کوئی غلطی ہوتی ہے جو ہم کربیٹھتے ہیں اور اس کا ہمیں ادراک نہیں ہوتا۔ تو فیس بک ان اکاؤنٹس یا پیجز کو اپنی جیل میں بند کردیا کرتا ہے۔

اس بلاگ کے ذریعے اس جیل کی تفصیلات اور اس سے بچنے کے طریقہ کار سے متعلق آپ کو آگاہ کرنے کی کوشش ہے۔

فیس بک جیل وہ جیل ہے جہاں فیس بک ان اکاؤنٹس یا پیجز کو عارضی طور پر قید یا مکمل قید (ڈس ایبل) کردیتا ہو جو فیس بک قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہوتے ہیں۔ اس جیل سے اپنے اکاؤنٹ کو بچانے کے کیا طریقہ کار ہوسکتے ہیں آئیے کچھ نظر ڈالتے ہیں۔

1۔ اگر آپ اس جیل سے اپنے اکاؤنٹ کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو پوسٹس کے درمیان چند منٹس کا وقفہ ضرور رکھیں۔ بعض اوقات ایک اکاؤنٹ سے مختلف گروپس کے اندر کسی پوسٹ کو ایک ہی وقت میں دھڑادھڑ شیئر کیا جارہا ہوتا ہے، اسکے علاوہ ایک ہی پوسٹ کو متعدد پیجز، اکاؤنٹس اور گروپس میں اسی وقت میں شیئر کیا جارہا ہوتا ہے، تو اس طرح کی پوسٹس کے نتیجے میں عمومی طور پر فیس بک آپکے اکاؤنٹ کو کچھ عرصے کے لیے اس جیل میں بند کردیتا ہے،تو اگر آپ اس جیل سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنی پوسٹس میں کم از کم پانچ منٹ کا وقفہ ضرور رکھیں۔

2۔ فیس بک جیل میں بند ہونے والے اکاؤنٹس کا دوسرا بڑا اور مشترکہ جرم مواد کی کاپی ہے۔ اگر آپ نے کسی کا لکھا جانے والا مواد، کسی کی کھینچی گئی تصویر یا کسی کی بنائی گئی ویڈیو کو بنا اجازت کے اپنے پیج یا اکاؤنٹ سے اپلوڈ کردیا ہے تو آپ اس سزا کو بھگتنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ اسکے علاوہ ایسی تصاویر یا مواد جو گوگل اسپیم قرار دے چکا ہے اسے بھی آپ استعمال کرتے ہیں تو بھی آپ سزا کے مستحق ہیں ۔ تو اس سزا کو بھگتنے والے اکاؤنٹس ہولڈر اور ماہرین اس بات کی تجویز دیتے ہیں کہ فیس بک پر اپنا مواد زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

3۔ آپ کی ٹائم لائن میں کوئی نہ کوئی فرد ایسا ہوگا جو اپنی ہر پوسٹ میں آپ کو ٹیگ کرنا فرض عین سمجھتا ہوگا۔ یا اکثر آپ نے دیکھا ہوگا کہ کسی اکاؤنٹ سے فیلننگ ہیپی ود ڈھیر سارے others ہوا ہوگا۔ فیس بک عام طور پر ایسے اکاؤنٹس کو وارننگ دیتا ہے اسکے باوجود اگر وہ اپنی روش سے باز نہیں آتے تو پھر آپ کے اکاؤنٹ کو فیس بک جیل کی ہوا کھانی پڑسکتی ہے۔ بنیادی طور پر آپ اگر ٹیگنگ بہت زیادہ کرتے ہیں اور ان کو کہ جن کا اس پوسٹ سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہوتا تو آپ بنیادی طور پر فیس بک پرسنل قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہوتے ہیں۔ تو ٹیگنگ کو بند رکھیں اور فیس بک جیل سے بچیں۔

4۔ اگر آپ فیس بک استعمال اپنے بزنس کے لیے یا پروفیشنلی کررہے ہیں تو فیس بک قوانین کا سمجھنا اور ان پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ فیس بک کا یہ حق ہے کہ اگر آپ اسکے کسی بھی قانون کو کسی بھی وقت توڑتے ہیں تو وہ آپکو مطلع کیے بغیر آپکے اکاؤنٹ کو ہمیشہ کے لیے اپنی جیل میں قید کرسکتا ہے لہذاٰ اپنی سالوں کی محنت کو ضائع ہونے سے بچائیں اور وقت نکال کر فیس بک قوانین کو سمجھ لیں۔

5۔ اپنے پرسنل اکاؤنٹ کا نام ہرگز کسی کاروباری نام پر نہ رکھیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ اکاؤنٹ چلا رہے ہیں اور اس کا نام آپ نے ا۔ب۔ج انٹرپرائزیز رکھا ہوا ہے تو یہ طریقہ کار غلط ہے،فیس بک آپکے اکاؤنٹ کو بلاک کرکے جیل میں ڈال سکتا ہے۔ اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اکاؤنٹ اپنے ذاتی شناخت ہی پر بنائیں اور اس کے بعد جتنے چاہے پیجز اور گروپس اپنے کاروبار کے لیے بنالیں۔ فیس بک کے ایک اکاؤنٹ سے بیک وقت متعدد پیجز بنائے اور چلائے جاسکتے ہیں۔ اس طریقہ کو اپنانے سے آپ فیس بک جیل کی ہوا کھانے سے بچ سکتے ہیں۔

6۔ اب سے کچھ عرصہ پہلے تک فیس بک پر آپ جعلی نام سے کئی اکاؤنٹس بنا کر چلا لیتے تھے، فیس بک اکاؤنٹس کا ایک بہت بڑاحصہ ان جعلی اکاؤنٹس پر مشتمل تھا مگر اب فیس بک اس حوالے سے سختی کرتا چلا جارہا ہے۔ فیس بک اب مختلف طریقوں سے آپ کے اکاؤنٹ کو ویریفائی کرتا ہے اور اگر اسے لگتا ہے کہ آپ سلمان،طارق،خالد،ثناء،نمرہ وغیرہ کی بجائے پاپا کی پرنسس،سونو منڈا اور اس طرح کے نام سے اکاؤنٹس چلا رہے ہیں اور ان کی کوئی شناخت نہیں تو فیس بک ان اکاؤنٹس کو ہمیشہ کے لیے اپنی جیل میں ڈال دے گا۔ تو اپنی شناخت کے ساتھ ایک ہی اکاؤنٹ بنائیں تاکہ آپ کو یہ شکایت کا موقع نہ ملے کہ فیس بک اکاؤنٹس کو بلاک کردیتا ہے۔

7۔ ایک اہم مسئلہ جس کی وجہ سے اکاؤنٹس اور پیجز آج کل بلاک کردیئے جاتے ہیں وہ ہے غیر متعلقہ پوسٹس۔ اگر آپ کا پیج کسی کاروبار کے متعلق ہے تو اس پیج پر کاروباری خبریں یا لنک ہی شیئر ہونی چاہیئیں ناکہ آپ اس سے کوئی ویب سائٹ لنک کرکے پیسے کمارہے ہوں یا اس پیج پر کسی ہیروئن کےمتعلق یا اسطرح کی چیزیں شیئر کی جارہی ہوں۔ تو غیرمتعلقہ پوسٹس سے بچیئے۔

8۔ آخری اور اہم نکتہ جو پچھلے کچھ عرصے میں بہت دیکھا گیا وہ یہ ہے کہ فیس بک کمیونٹی قوانین کو سمجھ لیں اور کوشش کریں کہ آپ ان کو نہ توڑیں۔ اس میں بہت ساری چیزیں آجاتی ہیں جیسے کہ ہیٹ اسپیچ، ہراسمینٹ، بے حیائی کا فروغ، کسی ملک کے خلاف پوسٹس، کسی مذہب یا فرقے کے بارے میں نازیبا کلمات اور وغیرہ۔ تو ان قوانین کو بالخصوص پاکستان میں سمجھنا اور عمل کرنا بہت ضروری ہے تاکہ ہمارے اکاؤنٹس اور پیجز یا فیس بک پر ہماری کوئی بھی سرگرمی محفوظ رہے۔

امید ہے کہ اس بلاگ کے ذریعے آپ کو کافی حد تک فیس بک جیل سے بچنے کے طریقے معلوم ہوگئے ہوں گے۔ ان نکات کو ذہن میں رکھیئے اور فیس بک پر آزادی کے ساتھ اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھیئے۔

حصہ

1 تبصرہ

  1. اگر کوئی اکاؤنٹ یا پیج فیس بک کا قانون توڑ کر رسک پر ہے اور اس کا پر رسٹرکشن لگ چکی ہے تو کیا کرنا ہوگا…؟؟

جواب چھوڑ دیں