ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہتھکڑیاں لگانا قابل مذمت ہے

97

فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کی ضلعی سیاسی کمیٹی کے صدرمیاں طاہرایوب نے صوبائی حکومت طرف سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہتھکڑیاں لگانے اور فوجداری مقدمات درج کروانے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک وارڈنزنے سارا دن شہر میں چلنے والی بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے بجائے سارا زور موبائل فون استعمال کرنے اور شہریوں کے چالان کرنے پر لگا رکھا ہے ،ٹریفک پولیس نے صوبائی حکومت کی طرف سے ملنے والے مطلوبہ ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے شہریوں کے بلاوجہ چالان کرنے شروع کر رکھے ہیں۔فوجداری مقدمات بنانے کے بجائے شہریوں کو آگاہی فراہم کی جائے اور ٹریفک کے نظام کو بہترکیاجائے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی معمولی خلاف ورزیوں پر شہریوں کو بلا جو از پریشان کیا جاتا ہے اور بھاری جرمانے عائد کئے جارہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے اپنے خسارے کا سارا بوجھ شہریوں پر ڈال دیا ہے جس کے نتیجے میں ہر چوک میں کھڑے وارڈنز ٹریفک کنٹرول کرنے کے بجائے چالان پر چالان کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے ڈی سی اور سی ٹی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر وارڈنز کو ہدایت کی جائے کہ شہریوں کے صرف چالان کرنے کے بجائے ٹریفک کو بھی کنٹرول کریں ۔انہوں انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر انتظامیہ نے اپنی روش کو تبدیل نہ کیا تو اس کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا ۔