لیجیے، 2025 کا منتخب رنگ بھی سامنے آگیا

243

امریکا کے پینٹون کلر انسٹیٹیوٹ نے 2025 کے لیے منتخب کیے جانے والے رنگ کا اعلان کردیا ہے۔ بھورے رنگ کے ایک منفرد شیڈ کو اگلے سال کا رنگ قرار دیا گیا ہے۔ اِس رنگ کو ادارے نے Morcha Mousse کہا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں یہ بہت منفرد رنگ ہے۔ اس رنگ سے گرم جوشی اور سکون کا احساس ہوتا ہے۔ اگر کسی کمرے میں اس رنگ کی اشیا رکھی جائیں تو ماحول میں تازدگی اور سرخوشی کا احساس نمایاں حد تک بڑھ سکتا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ رنگوں کا انسان کی شخصیت، مزاج اور ذہنی کیفیت پر غیر معمولی اثر مرتب ہوتا ہے۔ ہلکے اور کِھلتے ہوئے رنگ انسان کے ذہن کو تر و تازہ رکھتے ہیں۔ نمایاں اور ہلکے پھلکے رنگوں کو دیکھ کر طبیعت کو عجیب سے تسکین محسوس ہوتی ہے۔ معروف ترین پھولوں کے رنگوں کی اشیا آس پاس ہوں تو انسان خوش مزاج رہتا ہے۔

پینٹون کلر انسٹیٹیوٹ 1999 سے ہر سال کے رنگ کا اعلان کرتا آیا ہے۔ یہ اعلان خاصے وسیع و وقیع مشاہدے اور تجزیے کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے کہا ہے کہ سال بھر مختلف رنگوں سے متعلق رجحانات کا اندازہ لگانے کے بعد بھورے یا براؤن رنگ کا یہ شیڈ منتخب کیا گیا ہے۔