اسرائیلی فوج کا طوباس کے سرکاری ہسپتال پر دھاوا‘ ڈاکٹرگرفتار

193

احوال غزہ و فلسطین
اسرائیلی فوج نے طوباس کے سرکاری اسپتال پر دھاوا بول کرایک ڈاکٹر سمیت کئی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ قابض فوج نے عقبہ کے داخلی راستے پرایک گاڑی پر بمباری کے بعد اسپتال کو گھیرے میں لے لیا، جس کے نتیجے میں شہری شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ فوج نے اسپتال کے اندر سے ایک ڈاکٹر اور کئی شہریوں کو تشدد کے بعد گرفتار کیا۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ قابض فوج نے فلسطینی شہروں پر ہونے والے ہر حملے میں ہسپتالوں اور طبی عملے پر حملہ کیا ہے، قابض فوج اسپتالوں کا محاصرہ کرتی ہے، طبی ٹیموں کے کام میں رکاوٹ ڈالتی ہے اور انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکتی ہے۔ جنوری 2024 ء کے آخر میں ایک اسرائیلی اسپیشل فورس مستعربین نے شہر جنین کے ابن سینا اسپتال میں گھس کر 3نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا۔

اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد سے بزرگ فلسطینی شہید
مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں قابض اسرائیلی فوج کے بہیمانہ تشدد سے ایک بزرگ فلسطینی عاطف مالک دیریہ شہید ہوگئے۔ 70 سالہ عاطف کو نابلس کے جنوب میں واقع گاؤں عقربا کے داخلی دروازے پر قابض اسرائیلی فوجیوں نے بری طرح مارا پیٹا جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی۔ ایمبولینس کے عملے نے انہیں نابلس کے نیشنل اسپتال منتقل کیا لیکن وہ بری طرح تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے بعد دم توڑ گئے۔ نابلس کے جنوب میں دیہات اور قصبے قابض افواج اور آباد کاروں کے بار بار اور بڑھتے ہوئے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ شرپسند عناصر فلسطینیوں کے گھروں اور املاک کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کے داخلی راستوں پر مزاحمتی چوکیوں پر شہریوں قاتلانہ حملے معمول بن چکے ہیں۔

فلسطینی نوجوانوں کے حملے میں 3صہیونی فوجی ہلاک
حماس کے جنگجوؤں نے فلسطینی عوام، مذہبی مقامات اور ان کے قیدیوں کے دفاع کے لیے طوفان الاقصیٰ کے فریم ورک کے اندر اسرائیلی فوج کے خلاف کارروائیوں کا اعلان کیا۔ غزہ کی پٹی میں ملٹری ونگز نے کہا کہ انہوں نے قابض افواج، فوجی گاڑیوں اور اس کی سپلائی اور کیمپوں کو نشانہ بنایا۔ خاص طور پر غزہ شہر کے جنوب مشرق میں نتساریم میں کئی صہیونی فوجیوں کوموت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ شہید عزالدین القسام بریگیڈ نے اطلاع دی اس نے غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے وسط میں تمراز اسٹیشن کے قریب الیاسین 105 گولے سے قابض افواج سے تعلق رکھنے والے ایک فوجی ٹرک کو نشانہ بنایا۔ ایک اور رپورٹ میں القسام نے کہا کہ اس نے شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ کے وسط میںابو العیش اسٹریٹ پر 2قابض فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگی صفوں سے واپسی کے بعد ہمارے مجاہدین نے تصدیق کی کہ انہوں نے شہر کے وسط میں الرفید موڑ پر دو صہیونی مرکاوہ 4 ٹینک کو ایک الیاسین 105 گولے اور ایک شواز ڈیوائس سے دشمن فوج کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا۔ اسلامی جہاد کے فوجی دستے القدس بریگیڈز نے مارٹر گولوں سے سپلائی لائن پر قابض فوجیوں کی پوزیشن پر بمباری کا اعلان کیاہے۔

دنیا میں جنگ سے معذور ہونے والے سب سے زیادہ بچے غزہ میں ہیں‘اونروا
اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین (یو این آر ڈبلیو اے) کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے خبردار کیا ہے غزہ میں جاری فلسطینیوں کی مسلسل نسل کشی معذوری کی وبا میں تبدیل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے جنگ اور اس کے نتیجے میں بچوں کے معذور ہونے کو غزہ کی پٹی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں دنیا کے مقابلے میں کٹے ہوئے بچوں کی سب سے بڑی تعداد موجود ہے۔ بہت سے بچوں کے اعضا ضائع ہو چکے ہیں۔ ان کی بے ہوشی کے بغیر سرجری ہو رہی ہے کیونکہ جنگ نے تکلیف دہ زخموں کی وبا پیدا کر دی ہے جس کی بحالی ممکن نہیں ہے۔ جنگ سے پہلے کیے گئے سروے کے تحت 5میں سے ایک خاندان میں کم از کم ایک شخص معذور تھا۔ ان میں سے تقریباً نصف میں ایک معذور بچہ بھی شامل تھا۔ مرکز کے مطابق بین الاقوامی رپورٹس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اکتوبر تک غزہ میں 68ہزار معذور افراد کا ریکارڈ تیار کیا جا چکا ہے۔ جنگ سے پہلے کے عرصے کے مقابلے میں 2.6 فیصد زیادہ ہے، جس میں معذوری کے 10ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اندازہ لگایا ہے کہ 22ہزار افراد، یا ہر 4میں سے ایک شخص، جو غزہ میں گذشتہ سال کی جنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے کسی ایک عضو یا زیادہ اعضا سے معذور ہوچکے ہیں۔