کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت مدارس کی راہ میں روڑے نہ اٹکائے اور ملکوں قوم کی فلاح و بہبود میں مصروف ہزاروں مراکز کو بے دست و پا نہ کرے۔ ان خیالات کا اظہارجمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید نے کراچی کے ذمے داران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں حکومت کی جانب سے مدارس کے لیے مشکلات پیدا کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مدارس کی رجسٹریشن اور اکاؤنٹ اور دیگر مسائل پرغورکیا گیا‘اجلاس میںکراچی کی معروف اور قدیم دینی درسگاہ جامعہ حنیفیہ کے اکاؤنٹ کی بندش پر شدیدتشویش کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے مدارس کو پریشان نہ کیا جائے۔ اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کو سوسائٹی ایکٹ کے تحت رجسٹر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں مدارس میں داخلوں کی مہم کی منصوبہ بندی کی گئی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔جبکہ فیصلہ کیاگیا کہ پورے کراچی میں مدارس کے ذمہ داران ، علما کرام اور جمعیت اتحاد العلما کے ذمہ داران ایک بھرپور مہم چلائیں گے اور اپنے جائز اور برحق مطالبات کو پورا کرانے کی کوشش کریں گے۔ اجلاس میں مولانا ضیا ء الرحمن فاروقی ، مولانا آفتاب احمد ملک ، جامعہ حنیفیہ کے مہتمم مولانا یامین منصوری‘ مولانا حبیب احمد حنفی ‘ مولانا محمد نسیم ودیگرنے شرکت کی۔