کراچی(اسٹاف رپورٹر)انجمن بہارِ ادب کے زیرِ اہتمام گزشتہ روز غزل بیٹھک کی ایک شام سید انور جاوید ہاشمی کے اعزاز میں پروفیسر ڈاکٹر عبد الصمد نور سہارنپوری کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس کی صدارت عبیداللہ ساگر صاحب نے کی، ابتدا میں سید محمد ارحم نور نے تلاوت کلام پاک اور خرم آسی جہانگیری نے نعت رسول مقبول ﷺ کا نذرانہ پیش کیا۔ تلاوت و نعت کے بعد پروفیسر ڈاکٹر عبدالصمد نور سہارنپوری اور م،م،مغل نے سید انور جاوید ہاشمی کے اعزاز میں گفتگو کی اور شعری مقدمہ پیش کیا ،جس کے بعد غزل مشاعرہ کا باقاعدہ آغاز بہ حیثیت ناظم مشاعرہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالصمد نور سہارنپوری نے اپنی غزل سے کیا ۔ تقریب میں جن شعرا ء نے شرکت کی ان میں محمد عدنان زائر، محمود حسن تاباں، رشید غازی، خرم آسی جہانگیری، احمد سعید، م ،م مغل، فیض عالم بابر، آسی سلطانی، اسد ظفر، سید انور جاوید ہاشمی اور عبید اللہ ساگر شامل تھے۔ آخر میں انجمن بہارِ ادب کی جانب سے سید انور جاوید ہاشمی کو نشانِ اعترافِ فن ایوارڈ اور احمد سعید خان کی طرف سے اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔