خواتین کا وقفے وقفے سے ہلکی ورزش کرنا دل کی صحت بہتر کر سکتا ہے، طبی ماہرین

262

لندن: طبی ماہرین نے نئے تجربات اور تحقیق کے نتائج سے اخذ کیا ہے کہ خواتین کا وقفے وقفے سے ہلکی ورزش کرنا ان کے دل کی صحت کو بہتر اور ممکنہ طور پر پیش آنے والے خطرات کو کم کرنے کا سبب ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق تحقیق کاروں نے بتایا ہے کہ ہلکی اور وقفے کے ساتھ ورزش خواتین میں دل کا دورہ پڑنے، ہارٹ فیل ہونے یا فالج جیسے خطرات میں 45 فی صد تک  کمی لانے کا سبب بنتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سیڑھیاں چڑھنا، کچھ سامان اٹھانا یا چلنے پھرنے کی طرح جسمانی سرگرمیاں معمول بنا لینے سے قلبی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بلاناغہ کم از کم ڈیڑھ منٹ سے 4 منٹ تک اس طرح کی سرگرمی دل کو ممکنہ طور پر درپیش خطرات کو بہت حد تک دور کردیتی ہے۔

تحقیق کاروں کے مطابق اس طرح کی ہلکی پھلکی ورزش ایسی خواتین  کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے جو مستقل  ورزش نہیں کر پاتیں۔

طبی ماہرین نے اس تحقیق کے لیے 80 ہزار سے زیادہ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرکے اس کا جائزہ لیا۔ تجربے میں شامل ان افراد کو تین برس تک (2013 تا 2015) سرگرمیاں  ناپنے والا ٹریکر پہنایا گیا تھا۔ ان میں سے 25 فی صد افراد ایسے رہے جو مستقل ورزش نہیں کر سکتے تھے، یا پھر کبھی کبھار ہی چلنے پھرنے کے لیے نکلتے تھے۔

ان 25 فی صد افراد کی قلبی صحت کو جانچا گیا اور اس کے ساتھ ہی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج امراض قلب کے دیگر مریضوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جس کے نتیجے میں ماہرین نے یہ نتائج اخذ کیے کہ ہلکی پھلکی اور وقفے وقفے سے ورزش کا عمل قلبی صحت کے لیے حیران کن نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔