ڈھاکا: بنگلادیش میں حسینہ واجد کی نفرت انگیز تقاریر پر پابندی لگا دی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلادیش میں سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی نفرت انگیز تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔بنگلادیش میں آئی سی ٹی (انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل)حسینہ واجد کے خلاف احتجاج کے دوران ہونے والے قتل عام سمیت دیگر الزامات سے متعلق کیسز میں تفتیش کررہا ہے جب کہ ملک میں فسادات کے دوران حسینہ واجد بنگلادیش سے فرار ہوکر بھارت چلی گئی تھیں۔
کیس سے متعلق پراسیکیوٹر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ آئی سی ٹی حسینہ واجد کے خلاف کئی کیسز کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے، اس دوران ان کی نفرت انگیز تقاریر پر پابندی عائد کردی گئی ہے جو ممکنہ طور پر قانونی کارروائی یا ان کے گواہوں اور متاثرین پر دباؤ کا کام کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ شیخ حسینہ نے اس پابندی سے قبل نیویارک میں جمع ہونے والے اپنے حامیوں سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں بنگلا دیش کے موجودہ قائم مقام سربراہ محمد یونس پر قتل عام کا الزام عائد کیا تھا۔