اورنگی میں ہلاک مبینہ ملزمان کےاہل خانہ نے مقابلہ جعلی قرار دیدیا

85

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی پیر آباد میں پولیس مقابلے میں ہلاک مبینہ ملزمان کے اہل خانہ نے مقابلہ جعلی قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی پیر آباد میں گزشتہ روز کا مقابلہ مشکوک ہوگیا۔ ہلاک مبینہ ملزمان کے اہل خانہ نے مقابلہ جعلی قرار دے دیا۔ مبینہ مقابلے میں مارے گئے دونوں ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں ملا۔ دونوں مبینہ ملزمان کمپنی میں ملازمت کرتے تھے۔ بلاول کے والد کا ٹرانسپورٹ کا کام تھا۔ بلاول نے مبینہ جعلی مقابلے سے قبل دوست سے بات کی تھی۔ فون پر دوست کو بتایا تھا کہ ہمیں پیرا ٓباد تھانے کی پولیس نے پکڑ لیا ہے اور ہم اس وقت تھانے میں ہیں۔ گزشتہ روز مقابلے کی وڈیو میں بھی ملزمان کے پاس پستول نہیں تھے تاہم دونوں ملزمان کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔ اہل خانہ نے بتایا کہ پہلے دونوں کسی اور مقام پر تھے‘ بعد میں پیر آباد لے جا کر مارا گیا۔ اہل علاقہ اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے ایس پی دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کل بھی ہم نے ایس پی دفتر کے باہر احتجاج کیا تھا۔ ہمیں انصاف نہ ملا تو ہم دوبارہ احتجاج کریں گے۔ آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز معاملے پر شفاف تحقیقات کرائیں۔