کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے لیے نئے قواعد و ضوابط نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اب ایئرپورٹ پر مسافروں کو لینے یا چھوڑنے آنے والے افراد کو سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر مسافر کے ٹکٹ کی کاپی دکھانا ضروری ہوگا۔
پی اے اے کے نئے احکامات کے تحت ہر مسافر کے ساتھ زیادہ سے زیادہ چار افراد کو ایئرپورٹ میں داخلے کی اجازت ہوگی، اور بغیر ٹکٹ کی کاپی کے داخلہ ممنوع ہوگا۔
مزید برآں، ایئرپورٹ آنے والوں کو اپنے قومی شناختی کارڈ کی بھی ضرورت ہوگی، جو سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر تصدیق کے لیے پیش کرنا لازمی ہوگا۔
ان اقدامات کا مقصد ایئرپورٹ کے زائرین اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ یہ نئے قواعد جلد نافذ کیے جائیں گے اور ایئرپورٹ سیکیورٹی ٹیمیں سختی سے ان کا نفاذ کریں گی۔