اسلام آباد میں ممبر سازی مہم،80 ہزار افراد جماعت اسلامی میں شامل

68

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی اسلام آباد کی ممبر سازی مہم جاری‘ اسلام آباد کی تمام یونین کونسلوں میں بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے کار کنان گھروں، مارکیٹوں، ہوٹلز، ڈیروں میں جا کر اور مساجد کے باہر کیمپ لگا کر شہریوں کو جماعت اسلامی کی دعوت پہنچا رہے ہیں، اسلام آباد میں اب تک80 ہزار سے زائد افراد نے رضا کارانہ طور پر جماعت اسلامی کی ممبر شپ اختیار کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، ممبر سازی مہم کے سلسلے میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا، ملک عبدالعزیز، ناظمین زون ویونین کونسل مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر میاں محمد اسلم نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے قیام کے لیے حقیقی معنوں میں جد وجہد کر رہی ہے اور اس کے لیے ہمیں بڑی تعداد میں عوام کی تائید اور حمایت درکار ہے، اور اسی لیے جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر سازی مہم جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کہ وہ اس عوامی تحریک میں جماعت اسلامی کے ممبر بنیں اور استحصالی نظام کے خا تمے کے لیے اپنا کردار ادا کر یں۔ انہوں نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ اضافی بجلی پر نہیں براہ راست تمام یونٹس پر بجلی کی قیمت کم کی جائے، ونٹر پیکیج گھن چکر اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، متعدد آئی پی پیز معاہدوں کی منسوخی، نظرثانی پرحکومت خود سیکڑوں ارب کی بچت کا اعلان کر رہی ہے، تو پھر بنیادی ٹیرف میں کمی کیوں نہیں کی جا رہی؟ میاں اسلم نے کہا ملکی معیشت کا پہیہ چلانے کے لیے بجلی، تیل، گیس کی قیمتیں قابلِ برداشت اور ٹیکسوں کے ناجائز بوجھ کا خاتمہ کرنا ہوگا، عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی، یہاں اضافہ کر دیا گیا، عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے جا رہے ہیں، حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں کم ازکم100 روپے فی لیٹر کمی کرے‘ بجلی کا ٹیرف اور یپٹرول کی قیمت میں کمی کیے بغیر معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، 60 روپے فی لیٹر لیوی ظلم ہے۔