علامہ اقبال ؒ کی شاعری کا مرکز محور عشق رسول ﷺ ہے،علماء مشائخ

161

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) علامہ اقبال ؒکی شاعری کا مرکز و محور عشق رسول ﷺ ہے، انہوں نے نہ صرف عشق رسول ﷺکا درس دیا بلکہ وہ خود بھی سچے اور پکے عاشق رسول ﷺ تھے، انہوں نے محبت رسول ﷺ کی تعلیم و تربیت اپنے والدین اور بزرگوں سے حاصل کی اور اُمت مسلمہ کے اتحاد کو مرکزی اور کامیابی کا محور قرار دیا، تاریخ اس بات پر شاہد ہے کہ اُمت مسلمہ نے جب تک نبی ﷺ سے اپنا رشتہ الفت و محبت استوار رکھا اوج ثریا ان کا مقدر رہا، جیسے ہی دامن مصطفی ﷺہاتھ سے گیا اُمت مسلمہ زوال کا شکار ہو گئی، دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ افکار اقبال ؒ پر عمل سے ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملک بھر کے علماء مشائخ کی نمائندہ تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے سربراہ سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشیں آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا نے علامہ اقبالؒ 147 ویں یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا، تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری، پروفیسر ڈاکٹر سعید سہروردی، پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی، پروفیسر ڈاکٹر علامہ سعید سہروردی، پروفیسر ڈاکٹر مہربان نقشبندی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، پروفیسر ڈاکٹر علامہ ضیاء الدین، پروفیسر علامہ ڈاکٹر محمود عالم خرم آسی جہانگیری، مولانا سلمان بٹلہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا مسلمانوں کیلیے الگ اسلامی ریاست کا خواب جسے قائداعظم محمد علی جناح ؒنے شرمندہ تعبیر کیا ہم مسلمانوں پر بہت بڑا احسان ہے، علامہ اقبال ؒنے اپنی شاعری، تقریروں اور تحریروں میں عشق رسول ﷺ کو دلوں میں بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اُمت مسلمہ متحد ہو کر قرآن وسنت پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا میں اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کر سکتی ہے، علامہ اقبال ؒکے یوم ولادت پر نوجوان نسل کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ بھی اقبال کے منشور کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں تاکہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے، بیسویں صدی کے نوجوان اقبال کا شاہین بن کر موجودہ حالات کا مقابلہ کریں، کلامِ اقبال کو عام کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں، اقبالؒ وسیع تر انسانی اتحاد کے قائل تھے، ان کی شاعری ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ڈاکٹر جلال الدین نوری نے کہا کہ حکیم الامت شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ایک آفاقی شاعر تھے، جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا، انہوں نے الگ ملک کا خواب دیکھا اور پاکستان کا قیام ہوا۔ ڈاکٹر مہربان نقشبندی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی منزل کا تعین کرنے کے لیے ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے فلسفہ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، پاکستان کے استحکام اور دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے، پروفیسر ڈاکٹر علامہ ضیاء الدین نے کہا کہ ملک قربانیوں اور انتھک کوششوں سے حاصل کیا گیا تھا، لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیے، اب نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے استحکام اسلاف کی قربانیوں کا ادراک کریں، انہوں نے مسلمانوں کو بیدار کیا اور الگ ملک بنانے کا خواب دیکھا، ملک کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔