حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کی جانب سے ایچ ڈی اے اور واسا کے ریگولر ملازمین کو 10 ماہ کی تنخواہیں جبکہ بیوائوں اور ریٹائرڈ ملازمین کو 12 ماہ کی پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف پریس کلب پر ملازمین نے احتجاج کر کے دھرنا دیا، ملازمین ایچ ڈی اے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایچ ڈی اے مزدور یونین حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری انصاف علی لاشاری اور صدر ساجد تقی سمیت دیگر عہدیداران نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے واسا حیدرآباد کو ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے فنڈز جاری ہونے کے باوجود ادارے کے ملازمین صرف اس وجہ سے اپنی تنخواہوں اور پنشن سے محروم ہیں کہ اس وقت ادارے میں ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے اور ایم ڈی واسا کی سیٹ خالی ہونے کے سبب گزشتہ 10 روز سے ادارہ بغیر کسی ذمہ دار کے چلایا جا رہا ہے، ادارے میں ایم ڈی واسا کی تعیناتی نہ ہونے کے سبب ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کے چیک جاری نہیں ہو رہے ہیں جو ملازمین کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری سندھ، وزیر بلدیات، کمشنر حیدرآباد اور میئر حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ادارہ ترقیات حیدرآباد میں ڈائریکٹر جنرل اور واسا حیدرآباد میں مینیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی کو یقینی بنا کر 10 ماہ کی تنخواہوں اور پنشن سے محروم ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کے چیک جاری کیے جائیں، دوسری صورت میں ملازمین احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔