وزیراعظم کا بجلی سہولت پیکیج خوش آئند ہے، آل حیدرآباد بیٹری ایسوسی ایشن

114

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) صدر آل حیدرآباد بیٹری ایسوسی ایشن حیدرآباد احمد ادریس چوہان، سینئر نائب صدر عبدالصمد قریشی، جنرل سیکرٹری عظیم احمد و دیگر عہدیداران نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ بجلی سہولت پیکیج کو خوش آئند قرار دیا ہے، یہ پیکیج صارفین کو موسم سرما کے دوران کم بجلی استعمال کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ ایسوسی ایشن عہدیداران نے کہا کہ یہ پیکیج نہ صرف صنعتوں بلکہ گھریلو اور تجارتی صارفین کے لیے بھی انتہائی فائدہ مند ثابت ہو گا، 26.07 روپے فی یونٹ سے کاروباری افراد کو بڑی بچت کا موقع ملے گا۔ ایسوسی ایشن عہدیداران نے پیکیج میں موجود 18 سے 37 فیصد رعایت کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ معاشی ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہو گی، اس کے ساتھ ساتھ گھریلو صارفین کے لیے بھی یہ رعایتی نرخ سردیوں میں گیس کے بجائے بجلی کے استعمال کو فروغ دیں گے جو توانائی کے مؤثر استعمال کے لیے ضروری ہو گا۔ عہدیداران نے اُمید کا اظہار کیا کہ حکومت مستقبل میں بھی کاروباری طبقے کے لیے مزید مراعات فراہم کرے گی، آل حیدرآباد بیٹری ایسوسی ایشن حکومت کی اس کاوش کو سراہتی ہے اور اس اقدام کو تاجران کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتی ہے۔