پاکستان سے تعلقات سبوتاژ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے، چین

125

بیجنگ ( مانیٹرنگ ڈیسک )چین نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات خطرے میں ڈالنے کی تمام کوششیں ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ چین اور پاکستان کے باہمی اعتماد اور تعاون کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پوری انسانیت کی دشمن ہے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنا اور سانحات دوبارہ ہونے سے روکنا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔چین نے ایک بار پھر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سے یہ اہم بیان پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی میں گزشتہ ہفتے فائرنگ کے ایک واقعے میں 2 چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے باوجود سامنے آیا ہے۔چین کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ چین انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ترجمان چینی وزارت خارجہ لن جیان نے دارالحکومت بیجنگ میں ایک باقاعدہ نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ چین اور پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو خراب کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کا عزم بھی رکھتے ہیں اور صلاحیت بھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دونوں اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث دہشت گردوں سے ان کی کارروائیوں کی قیمت وصول کرنے کا بھی عزم اور صلاحیت رکھتے ہیں۔