علامہ اقبال کا147 واں یوم ولادت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

170
Allama Iqbal's 147th birth anniversary

لاہور: مفکر پاکستان، حکیم الامت، شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 147 واں یوم ولادت آج 9 نومبر بروزہفتہ کوملک بھر میں بھر پورعقیدت واحترام سے منایاگیا۔

صوبائی دارالحکومت سمیت تمام ڈویژنل، ضلعی، سٹی ہیڈ کوارٹرز پر نظریہ پاکستان فانڈیشن، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، علامہ اقبال لورز فیڈریشن،اقبال اکیڈمی اور مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکرے، مباحثے، تقریری مقابلے، بیت بازی کے پروگرامات منعقد کئے گئے جن میں فلسفی شاعر کی تحریک پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے خدمات کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

یوم اقبال کی مرکزی تقریب فلسفی شاعر کے مزار پر منعقد ہو ئی جہاں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور کیڈٹس کی تبدیلی ہوئی۔ نمازفجرکے بعدتمام مساجد میں قرآن خوانی کی روحانی و با برکت اور مقدس محافل بھی منعقد کی گئیں۔

مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پید اہوئے تھے،انہوں نے ابتدائی تعلیم آبائی شہر اور لاہور سے حاصل کرنے کے بعد 1905 میں برطانیہ سے وکالت اور بعد میں جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا،سیاستدان کی حیثیت سے ان کا سب سے بڑا کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے، یہی نظریہ بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔ علامہ محمد اقبال کی شاعری نے ہندوستان کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی، علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں خالق حقیقی سے جا ملے، انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں دفن کیا گیا۔

دوسری جانب قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

قائم مقام صدر یوسف گیلانی نے کہا کہ ہم علامہ اقبال کی خدمات اور ورثے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اُن کے فلسفے اور افکار نے ایک آزاد ملک کے قیام کی راہ ہموار کی، آیئے اپنے عزم کی تجدید کریں اور پاکستان کے اتحاد، امن اور خوشحالی کیلئے کام کریں۔

دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے مفکرپاکستان علامہ اقبال کے 147ویں یوم پیدائش پرپیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کے افکاراورتحریروں نے نہ صرف برصغیربلکہ دنیا پرگہرا اثرڈالا،وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال ایک صاحب بصیرت شاعر، فلسفی اوربلندپایہ شخصیت تھے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کاقیام مفکرپاکستان کے تصورسے آیا،اقبال کے فلسفے نے برصغیرکے مسلمانو ں کومتحدکرکے الگ وطن کاخواب دیا۔