سعودی عرب، قطر کے سرمایہ کاری کے اعلانات خوش آئند ہیں

59

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی کے رہنماسردارظفرحسین خان نے کہاہے کہ سعودی عرب، قطر کے سرمایہ کاروں کی طرف سے سرمایہ کاری کے اعلانات خوش آئند ہیں لیکن حکومت سرمایہ کاری کے نفاذ کے لیے ملک کے اندر سرمایہ کاری کے فضا سازگار بنانے کے لیے سیاسی استحکام لائے۔ملک کے اندر کا سرمایہ کار سیاسی، اقتصادی عدم استحکام کے باعث پیسہ باہر لے جارہا رہے۔ حکمران، اشرافیہ اپنا سرمایہ ملک میں لانے کو تیار نہیں تو ایسے ماحول میں ملک کے اندر بیرونی سرمایہ کاری کی باتیں محض اعلانات اورٹوئٹرپیغامات تک ہی محدود رہیں گے۔ملک میں امن و سیاسی استحکام سے ہی بیرونی سرمایہ کاری آئے گی، وگرنہ ایم او یوز فائلوں کی زینت ہی رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے گزشتہ آٹھ مہینو ںمیں بیرونی دوروں، خوش کن اعلانات، فرضی نمائشی دعووں اور بیرونی سرمایہ کاری کے اعلانات کے سوا کچھ نہیں کیا۔عملاً ملک میں مہنگائی، بیروزگاری، پیٹرول، بجلی ، گیس کی بڑھتی قیمتیں اور ناقابل برداشت ٹیکسز کا بوجھ عوام کے لیے موت کا پروانہ بن کر مسلط ہے۔سیاسی عدم استحکام سیاسی بنیادوں پر حل کرنے کی بجائے آئین، پارلیمنٹ،عدلیہ اور جمہوری اداروں کے ساتھ بدترین کھیل کھیلا جارہا ہے،جس سے حکومت اپنے غیرنمائندہ وجود کو عوام میں بغاوت کا ذریعہ بنارہی ہے۔