بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کرنے کے 2019 کے متنازع فیصلے کی بھرپور حمایت کی اور وادی کے نومنتخب قانون سازوں کی جانب سے اس کی بحالی کے مطالبے کو مسترد کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی کا کہنا تھاکہ ’مقبوضہ کشمیر میں صرف باباصاحب امبیڈکر کا آئین چلے گا، دنیا کی کوئی طاقت مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 بحال نہیں کرا سکتی‘۔ یہ بات مغربی ریاست مہاراشٹر میں ریاستی انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کہی، جہاں سے باباصاحب امبیڈکر کا تعلق تھا۔
یاد رہے کہ 6 نومبر 2024 کو مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نےکثرت رائے سے منظور کردہ قرارداد میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی قابض حکومت سے 2019 میں یکطرفہ طور پر منسوخ کی گئی مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
قانون ساز اسمبلی میں اکثریت سے منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ’ یہ اسمبلی بھارتی حکومت کو مقبوضہ کشمیر کے منتخب نمائندوں کے ساتھ وادی کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے بات چیت شروع کرنے پر زور دیتی ہے۔’
واضح رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی صدر نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیئے تھے۔
بتایا گیا تھا کہ خصوصی آرٹیکل ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر اب ریاست نہیں بلکہ وفاقی اکائی کہلائے گا۔
مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کو 2 حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے وادی جموں و کشمیر کو لداخ سے الگ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، لداخ کو وفاق کے زیر انتظام علاقہ قرار دیا جائے گا جہاں کوئی اسمبلی نہیں ہوگی۔