امریکی صدارتی الیکشن:تمل ناڈو کے گاؤں میں کملا ہیرس کی کامیابی کی دعائیں

162

نئی دہلی:دنیا بھر کے میڈیا پر امریکی انتخابات کی جاری پولنگ اور اس کے موصول ہونے والے نتائج کی بھرپور کوریج جاری ہے جب کہ الیکشن اور انتخابی امیدواروں سے متعلق دیگر خبریں بھی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں اور نیوز ویب سائٹس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی ٹرینڈنگ میں ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی صدارتی  الیکشن میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنے والی کملا ہیرس  کی کامیابی کے لیے بھارتی ریاست تمل ناڈو کے ایک گاؤں میں دعائیں کی جا رہی ہیں۔

بھارتی ریاست تمل ناڈو کا گاؤں تلاسین دھراپرم ریاستی دارالحکومت چنئی سے کم و بیش 300 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ امریکی  نائب صدر اور حالیہ الیکشن میں ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کا ننھیال ہے۔

واضح رہے کہ کملا ہیرس کی ماں دراصل بھارتی ریاست تمل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں پیدا ہوئی تھیں، تاہم ان کے والد کا تعلق جمیکا سے تھا، اور یہ یہاں سے امریکا منتقل ہو گئے تھے۔

تلاسین دھراپرم کے رہنے والے  کملا ہیرس  سے مٹی کا تعلق ہونے کی وجہ سے انہیں امریکی انتخابات میں کامیاب امیدوار کے طور پر دیکھنا چاہ رہے ہیں، اور اس کے لیے وہ اپنے عقائد کے مطابق دعائیں مانگ نے میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے امریکی صدر بائیڈن کے بجائے کملا ہیرس کے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نامزدگی کے موقع پر بھی اس گاؤں کے باسیوں نے کملا ہیرس کی حمایت کا اظہار کرنے کے لیے ایک بہت بڑا بینر آویزاں کیا تھا۔