جوڈیشل کمیشن کا اجلاس: جسٹس امین الدین خان سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ کے سربراہ مقرر

172

اسلام آباد:چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی  زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں آئینی بینچ تشکیل دیتے ہوئے جسٹس امین الدین خان کو سپریم کورٹ میں 7 رکنی آئینی بینچ کا سربراہ مقرر کردیاگیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے 60 روز کے لیے  آئینی بینچ تشکیل دیا ہے، جس میں  پنجاب سےجسٹس عائشہ اے ملک، بلوچستان سے جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس جمال مندوخیل، سندھ سے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہررضوی اور خیبرپختونخوا سے جسٹس مسرت ہلالی کوآئینی بینچ میں شامل کیا گیا ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کی  زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں  وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان شریک ہوئے۔

 جوڈیشل کمیشن کا آئندہ اجلاس 2 ہفتوں کے بعد دوبارہ ہوگا، جس میں سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بنچز کےلیے ججز نامزد کیے جائیں گے،60 دنوں کے لیے 7 رکنی آئینی بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔