مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے سے بجلی اور پانی کی فراہمی معطل

110

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے سے بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہونے سے شہری شدید گرمی میں سخت اذیت کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے سے بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہے۔مینٹیننس کے نام پرشاہ فیصل کالونی،ماڈل کالونی، ملیرمیں صبح سے بجلی بند ہے ، بجلی بندش سے شاہ فیصل کالونی سمیت مختلف علاقوں میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔شاہ فیصل گرین ٹاؤن، ہاجرہ آباد،شاہ فیصل ایک تا5نمبرتک اندھیرے میں ڈوبا رہا، شہری شدید گرمی میں سخت اذیت کا شکار ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ فالٹ اورمینٹیننس کے نام پرصبح بجلی بندکی گئی تھی، رات 12بجے بھی لائٹ نہیں آئی۔خیال رہے آئے روز کراچی کے مختلف علاقوں میں عوام کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔دو روز قبل بھی گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب کے الیکٹرک کے خلاف عوام نے احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین کے الیکٹرک کے دفتر پر پتھرا کیا ، جس کے باعث گارڈن سے ایم اے جناح روڈ آنے اور جانے والی دونوں سڑکیں بند ہوگئی تھیں۔