وفاقی وزیر نجکاری کی صوبوں کو پی آئی اے فروخت کی پیشکش

175
loss-making institutions

لاہور: وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن ( پی آئی اے ) کی نجکاری کے لیے صوبائی حکومتوں کو پیش کش کی ہے کہ اگر کوئی اس ادارے کو خریدنا چاہتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ میری پی آئی اے کو ٹھیک کرنے کی نہیں بلکہ فروخت کرنے کی ذمہ داری ہے، کس کس نے بیڑا غرق کیا، کون سے ایسی پارٹی ہے جس نے پی آئی اے کو ڈبویا نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہاکہ   پی آئی اے کا ہر دور میں بیڑا غرق کیا گیا ہے، پی آئی اے کے ساتھ جس نے جو کیا وہ اپنے گریبان میں جھانکے، ہمارے خلاف باتیں نہ کی جائیں، میرے حلف اٹھانے سے پہلے ہی پی آئی اے کی نجکاری کا فریم بن چکا تھا اور 830 ارب خسارہ تھا، میں آکر فریم ورک میں تبدیلی نہیں کرسکتا تھا۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کی تقریب میں ایک کمپنی نے صرف 10 ارب روپے قیمت لگائی تھی جبکہ پی آئی اے کی اصل قیمت پی آئی اے کی کم از کم قیمت 85 ارب 3 کروڑ روپے ہے۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے پی آئی اے خریدنے کے لیے وزیر اعظم کو خط ارسال کیا تھا جبکہ نواز شریف نے پنجاب حکومت کو پی آئی اے کی خریداری کی تجویز دی ہے۔