غربت، بیروزگاری ، بھوک سے معاشرے کا توازن بگڑ رہا ہے، جاوید قصوری

27

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح ماہانہ بنیادوں پر مزید اضافے سے اشیا خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے، صنعت و تجارت کی لاگت اور اخراجات کئی گنا بڑھ چکے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا بدترین معاشی استحصال ہے، مہنگائی سے ملک میں غربت اور بے روزگاری کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے، غربت، بے روزگاری، بھوک بڑھنے سے معاشرے کا توازن بگڑ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ڈنگ ٹپائو معاشی پالیسیوں اور سودی نظام کے باعث بازاروں، مارکیٹوں میں تاجر بھاری سرمایہ کاری کے بعد کاروبار کی بدترین صورتحال سے پریشان ہیں، کاروباری شعبہ ہائے زندگی کو حکومتی پالیسیوں سے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت تجارتی اور کاروباری حلقوں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے تاجر دوست حکمت عملی لے کر آئے، مہنگائی اور مشکلات کے بھنور میں پھنسی قوم کو اس عفریت سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کرسی کی لڑائی میں غریب پس کر رہ گیا، پاکستان میں مہنگائی، بے روزگاری سمیت تمام مسائل کی ذمہ دار پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کی حکومتیں ہیں جو غریبوں کا خون چوس رہی ہیں اور اپنے پروردہ آٹا، چینی، مافیاز کو نواز رہی ہیں، موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو ہیجانی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے، وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کارکردگی محض اخباری تشہیر تک محدود ہو چکی ہے، ہر جگہ عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ فضائی آلودگی سے عوام میں بیماریاں بڑھنے لگی ہیں، اسموگ کنٹرول کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آچکا ہے، پاکستان میں بھی ہر سال سوا لاکھ سے زیادہ افراد فضائی آلودگی سے متعلق بیماریوں کا شکار ہو کر انتقال کر جاتے ہیں، فضائی آلودگی میں سانس لینے سے سانس کی تکلیف، پھیپھڑے، حلق کے انفیکشن، دل کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔