پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 85 روپے کمی کی جائے، محبوب الزماں

72

فیصل آباد (جسارت نیوز) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرول پر عوام کو ریلیف دینے کے بجائے قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے، حکومت نے صرف گزشتہ 3 ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 261 ارب روپے عوام کی جیبوں سے نکلوائے ہیں، فی لیٹر 60 روپے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی ہے جو 25 روپے فی لیٹر بنتی ہے، اس طرح فی لیٹر قیمت میں 85 روپے کم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 آئی پی پیز کے معاہدوں کے خاتمے سے قومی خزانہ کو 441 ارب روپے فائدہ ہوا ہے، ابھی مزید آئی پی پیز باقی ہیں، فوجی فائونڈیشن کے تحت چلنے والی 5 اور حکمران خاندانوں کی ملکیتی آئی پی پیز کے معاہدے بھی ختم کیے جائیں، یہ سارا فائدہ بجلی کے بلوں میں دیا جائے، ٹیکسز جمع نہ ہونے اور ایف بی آر میں کرپشن روکنے میں ناکامی کا خسارہ بجلی بلوں سے پورا کیا جائے گا تو معیشت ٹھیک نہیں ہو گی، قوم کیپیسٹی پیمنٹ کی مد میں 2 ہزار ارب روپے ادا کر رہی ہے، بجلی کی پیداواری لاگت کے مطابق بل بھیجے جائیں اور بہتر حکمت عملی اپنائی جائے تو کیپیسٹی پیمنٹ کے یہی 2 ہزار ارب عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں اور توانائی سیکٹر کو کوئی خسارہ نہیں ہو گا۔