کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ تعلیم کی درسی کتب کے حوالے سے مانیٹرنگ ٹیم کی اہم کامیابی، نصابی کتب کی چوری اور مارکیٹ میں فروخت کرنے والے گروہ کی کارروائی ناکام بنا دی۔ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ درسی کتب کی اسکولوں تک فراہمی کے عمل ہر صورت میں مکمل کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی قائم کردہ مانیٹرنگ ٹیم کافی دن سے کتب کی اسکول میں دستیابی کے اقدامات کی نگرانی کر رہی تھی، جس کی ذمہ داری میں کتب کی ٹیکسٹ بْک بورڈ کے گداموں سے نکلنے سے لے کر اسکولز تک پہنچنے کے عمل کو یقینی بنانا تھا، مانیٹرنگ کمیٹی کے نگرانی میں یہ بات سامنے آئی کہ اسکولوں میں کتب کی مطلوبہ تعداد فراہم نہیں ہوئی ہیں، اسی دوران ایک اطلاع پر کارروائی کے لیے پولیس کی مدد لی گئی اور پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں شاہ لطیف ٹاؤن کے ایک گھر سے بڑی تعداد میں کتب برآمد کر لی گئیں۔، اس کارروائی میں 2 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ اس حوالے سے ایف آئی آر بھی درج کردی گئی ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جبکہ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں الزام میں آنے والے افسر کو معطل کردیا گیا اس ضمن میں مزید کارروائی انکوائری کمیٹی کی آنے والی رپورٹ کے بعد ہوگی۔ سید سردار علی شاہ نے اپیل کی کہ معاشرے کے تعلیم دوست لوگ ایسے عناصر کی نشاندہی میں ہمارا ساتھ دیں، انہوں نے کہا کہ درسی کتب کی فراہمی کا وعدہ پارٹی چیئرمین سے کیا تھا، جسے ہر صورت میں پورا کریں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان محمودآباد، ملیر اور کورنگی میں دکانداروں کو کتابیں اورکاپیاں فروخت کرتے تھے، ملزمان سے برآمدکی گئی سرکاری کتابیں11مختلف مضامین کی ہیں۔