فیصل آباد: الخدمت انور نذیر اسپتال میں والنٹیرز، آئی سرجنز کے اعزاز میں تقریب

122

فیصل آباد (جسارت نیوز) الخدمت انور نذیر اسپتال میں منعقدہ مفت آئی کیمپ میں 210 فیکو (لیزر) آئی سرجریز کرنے والے والنٹیرز آئی سرجنز ڈاکٹرز کے اعزاز میں تقریب پذیرائی گزشتہ شب مقامی کلب میں منعقد ہوئی۔ ممتاز آئی سرجن پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین، سابق پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج مہمان خصوصی تھے، ان کے دست مبارک سے ڈاکٹرز کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کی تعریف کی اور اسے دُکھی انسانیت کی فلاح کے لیے احسن قدم قرار دیا جس کی تعریف اور تقلید دونوں ضروری ہیں۔ ڈاکٹر شفقت جاوید چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ اسپتال اور مخیر حضرات کی جانب سے 210 مریضوں کی آنکھوں کے آپریشن بالکل مفت کیے گئے اور یہ آپریشن عالمی معیار کے عین مطابق تھے جس کے رزلٹ بھی الحمدللہ 100 فیصد آئے ہیں۔ ڈاکٹر اعجاز بھٹی، ڈاکٹر تمیم اقبال، ڈاکٹر آصف محمود کھوکھر، ڈاکٹر محمد احمد، ڈاکٹر ارسلان بابر، ڈاکٹر احمد حسن اور ڈاکٹر عماد حیدر پر مشتمل والنٹیئرز ڈاکٹرز کی ٹیم نے آپریشن کو انجام دیا۔ مہمانان گرامی میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن فیصل آباد رائے ندیم الرحمن، سیکرٹری عبدالمالک کلیارو دیگر شامل تھے۔