صفائی نہ ہونے سے موذی امراض پھیل رہے ہیں‘محمد ابراہیم انصاری

98

کراچی (پ ر) سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹکی نااہلی کی وجہ سے کراچی کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ کچرے کی صفائی نہ ہونے کے باعث موذی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے محکمے کو بلدیہ کے حوالے کیا جائے۔ یہ بات یونین کونسل نمبر چار لانڈھی ٹاؤن کے وائس چیئرمین محمد ابراہیم انصاری نے لانڈھی نمبر چھے دھاگا پٹی پر کچرا کنڈی کی صفائی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وارڈ کونسلر شمس الحق انصاری و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ محمد ابراہیم انصاری نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد سے سندھ سولڈ ویسٹ کا عملہ صفائی پر توجہ نہیں دے رہا ہے جس کی وجہ سے پورا شہر کچرا کنڈی میں تبدیل ہوچکا ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کا محکمہ قائم کر کے بلدیہ کے اختیارات چھین لیے ہیں جس کی وجہ سے پیچیدگیاں بڑھ گئی ہیں۔ کچرے کی صفائی نہ ہونے کے باعث شہر میں موذی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹکے محکمے کو کے ایم سی کے حوالے کیا جائے تاکہ شہر میں صحت و صفائی کے کام میں بہتری لائی جاسکے۔