اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے انٹرا پارٹی الیکشن نظرثانی کیس میں پی ٹی آئی وکلا کو سماعت سے غیر حاضر ہونے پر مزید التوا دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں انہیں ہیڈ لائن چاہیے لیکن عدالت عظمیٰ ایسی کوئی ہیڈ لائن نہیں دے گی۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰمیں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن نظرثانی کیس کی سماعت ہوئی جو کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل تھے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا، اکبر ایس بابر عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل اکبر ایس بابر احمد حسن نے کہا کہ ایڈووکیٹ حامد خان کی التوا کی درخواست آئی ہے۔ چیف جسٹس نے اکبر ایس بابر کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ التوا کی درخواست کا پیراگراف نمبر 2 پڑھیں۔ اس پر حامد خان کی فیملی مصروفیت کے بارے میں پیراگراف پڑھا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ تو کسی ناول التوا کی درخواست ہے اس سے پہلے اس نوعیت کی درخواست نہیں دیکھی، یہ کیس 29 مئی کی مجوزہ کاز لسٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہونا تھا، ایڈووکیٹ علی ظفر کی 4 جون تک عمومی التوا کی درخواست تھی، بینچ میں شامل ایک ممبر کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی، ڈھولچیوں نے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کو بلے کے نشان کا کیس بنا دیا، ڈھولچی پہلے عدالتی فیصلے کو پڑھیں پھر تنقید کریں، باہر جاکر پراپیگنڈا کریں لیکن عدالت نہ آئیں یہ مناسب ہے۔ قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ میں نے اس سے پہلے آج تک ایسی درخواست نہیں دیکھی جس میں فیملی مصروفیت کے سبب التوا مانگا گیا ہو، فوتگی یا خرابی صحت کے سبب التوا ضرور مانگا جاتا ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اس کیس میں تو بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیے تھے؟۔ چیف جسٹس نے کہا کہ دنیا بھر میں ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ اپنی مرضی کا بینچ یا تاریخ مانگی جائے، ہم یہاں کسی کے لیے کوئی الگ قانون نہیں بناسکتے، ٹھیک ہے دس سال تک کیس نہیں چلانا چاہتے تو نہ چلائیں۔ جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ یہ کوئی طریقہ کار نہیں ہے کوئی جونیئر وکیل تک یہاں موجود نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اب تو نظرثانی میں وکیل تبدیل کرنے کا قانونی حق بھی موجود ہے، یہ واضح ہے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں،انہیں ہیڈ لائن چاہیے تھی لیکن عدالت عظمیٰ ایسی کوئی ہیڈ لائن نہیں دے گی۔چیف جسٹس نے اکبر ایس بابر کے وکیل سے پوچھا کہ انٹرا پارٹی کیس کا فیصلہ کب ہوا تھا؟ اس پر وکیل نے کہا کہ 13 جنوری کو مختصر فیصلہ دیا گیا، 25 جنوری کو تفصیلی فیصلہ جاری ہوا، عام انتخابات 8 فروری کو ہوئے اور نظرثانی 6 فروری کو عدالت عظمیٰ میں دائر ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ تحریک انصاف کو اس آرڈر سے نقصان ہی نہیں پہنچا؟ نظرثانی کی درخواست 29 مئی کی مجوزہ کاز لسٹ میں شامل تھی، بیرسٹر علی ظفر کی عمومی التوا کی درخواست چار جون تک کے لیے آئی، اس کے بعد بینچ کی رکن جج کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی، نظرثانی کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی کوئی درخواست بھی دائر نہیں کی گئی، اب جب مقدمہ سماعت کے لیے مقرر ہوا تو کوئی نہیں آیا پھر باہر جاکر پراپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ بعدازاں عدالت نے سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انیس محمد شہزاد کے ذریعے ایڈووکیٹ حامد خان نے التوا کی درخواست دی جس میں فیملی مصروفیت کا ذکر کیا گیا، درخواست میں صرف بتایا گیا کہ فیملی مصروفیت ہے، کیا مصروفیت ہے وہ نہیں بتائی گئی اور نہ ہی ایڈووکیٹ آن ریکارڈ خود پیش ہوئے۔ اس کیس میں حامد خان کے علاوہ نیاز اللہ نیازی، اجمل طور، بیرسٹر گوہر بھی وکیل ہیں، اگر حامد خان دستیاب نہیں تھے تو کوئی اور وکیل پیش ہوسکتا تھا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت اب قانون نے نظرثانی میں وکیل تبدیلی کا حق بھی دے رکھا ہے، کیس میں آئندہ مزید التوا نہیں دیں گے، انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کی جاتی ہے اور اب کیس کی آئندہ سماعت 21 اکتوبر کو ہوگی۔ بعدازاں عدالت نے حکم نامے کی نقل وکلاء کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کردی۔