پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر کئی شہروں میں رینجرز طلب، دفعہ 144 نافذ

159

راولپنڈی:پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب میں کئی شہروں میں رینجرز کو طلب کرکے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر پی ٹی آئی  کی احتجاجی کال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر پولیس کی مدد کے لیے  راولپنڈی میں رینجرز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر کل تحریک انصاف کا ڈی چوک پر احتجاج ہے جسے روکنے کے لیے  اسلام آباد اور راولپنڈی میں  انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں جب کہ ریڈ زون سمیت اہم مقامات کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔ملائیشین  وزیراعظم کی پاکستان میں موجودگی کی وجہ سے اسلام آباد میں سیکورٹی پہلے ہی ہائی الرٹ کی گئی تھی۔

نجی ٹی وی کے مطابق جڑواں شہروں میں پی ٹی آئی کے احتجاج میں شریک ہونے  کے لیے آنے والے افراد کو روکنے کے لیے 4 ہزار سے زائد پولیس کے اہل کار، ایف سی اور  رینجرز کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے سرگودھا، راولپنڈی اور اٹک میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے، اس حوالے سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جلسوں، جلوسوں، دھرنوں اور ریلیوں سمیت اجتماعات پر پابندی رہے گی۔