چنائی ٹیسٹ ، بھارت نے بنگلا دیش کے خلاف پہلی اننگز میں 339 رنز بنا لئے

130

چنئی(اسپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم نے بنگلا دیش کے خلاف چنائی ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنا لئے، روی چندرن ایشون اور رویندرا جدیجا نے 195 رنز کی ناٹ آئوٹ شراکت قائم کی، ایشون نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 5ویں سنچری ا سکور کی، جدیجا 86 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ گزشتہ روز ایم اے چدمبھرم ا سٹیڈیم چیپک چنئی میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنا کر اپنی پوزیشن کو مضبوط کرلیا ۔ بھارت نے اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا جب اس کے ابتدائی3 مستند بلے باز 34 رنزکے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر اوپنر یشاسوی جیسوال نے رشبھ پنت کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 96 کے مجموعی ا سکور پر رشبھ پنت بھی 39 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، بھارت کی5ویں اور چھٹی وکٹ 144 اسکور پر گری جب اوپننگ بلے باز جیسوال 56 رنز کی اچھی اننگز اور کے ایل راہول صرف 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔