عید میلادالنبیﷺ ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے

217
religious devotion and respect

کراچی: ملک بھر میں عید میلادالنبی بمطابق 12 ربیع الاوّل1446ھ بمطابق 17 ستمبر 2024ء عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔  وفاقی حکومت کی جانب سے  ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبی ﷺکے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں جلوس نکالے جارہے ہیں ۔ آمد مصطفیﷺ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔

عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔ آمد مصطفیﷺ کی مناسبت سے کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں، جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیاہے۔

دوسری جانب پولیس کی طرف سے جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں جبکہ جلوس اور ریلیاں مختلف روٹس پر اپنے اپنے مقام کی جانب رواں دواں ہیں۔