جامشورو : عید میلاد النبی ؐ کی خوشی میں پرچم کشائی، ریلی نکالی گئی

162

جامشورو (نمائندہ جسارت) جشنِ عید میلاد النبی ﷺ نہایت جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں RBB کالونی سے علامہ عبدالرحمن خان جامی کی قیادت میں مرحبا یا رسول ا للہ شاندار ریلی نکالی گئی، اس سلسلے میں پرچم کشائی کی گئی، بعد ازاں عاشقانِ رسول ریلی مختلف علاقوں میں محافل اور پرچم کشائی روح افزا بلند و بانگ مرحبا یا رسول اللہ، جشن ِ آمدِ رسول ﷺ کے نعرے لگاتی ہوئی ریلی اپنے مرکزی استقبالیہ کیمپ کے گوٹھ لاکھو فقیر سینڈوز نگر کے عظیمی ہاؤس پہنچی، جہاں ریلی کا پرْجوش اور پْر تپاک استقبال کیا گیا اور جلوس کے شرکاء پر گْل پاشی کی گئی۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خواں حضرات نے ہدیہ نعت کے پھول نچھاور کیے۔ بعد ازاں علامہ عبدالرحمن خان جامی کے علاوہ دیگر مقررین موضوع کی مناسبت سے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ پر روشنی ڈالی اور عالمِ اِسلام کی سر بْلندی، اَمن، بھائی چارے ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور پاک فوج کے لیے دُعا کی۔ تقریب کے اختتا م پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان جہاں سرکارِ دو جہاں کی دنیا میں آمد کی خوشیاں منا رہے ہیں، وہیں ہم فلسطین اور کشمیر یوں کے قتلِ عام پر رنجیدہ بھی ہیں، جہاں اِسلام دشمن مسلما نوں کو صفحہ ہستی سے مٹا نے کی ناپاک اور مذموم سازشیں کرتے ہوئے ان کا قتلِ عام کررہے ہیں۔