کھپرو: شاہ محمود اور زین قریشی کی رہائی کیلیے غوثیہ جماعت کی ریلی

114

کھپرو (نمائندہ جسارت) غوثیہ جماعت کی جانب سے مخدوم شاہ محمود قریشی اور زین حسین قریشی کی رہائی کے لیے ریلی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں داخل ہو کر غوثیہ جماعت کے رہنما مخدوم زادہ زین حسین قریشی اور غوثیہ جماعت کے روحانی پیشوا پیر مخدوم شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کے خلاف غوثیہ جماعت کے سیکڑوں کارکن اور مریدوں نے بائیکو پیٹرول پمپ سے شہید چوک تک تحریک انصاف ضلع سانگھڑ کے صدر اسلم جٹ، تعلقہ صدر علی نواز ہنگورجو، تحریک انصاف منارٹی ونگ ڈویژن نواب شاہ کے جوائنٹ سیکرٹری تیرت کمار میگھواڑ، عمران جٹ کی قیادت میں ریلی نکالی اور شہید چوک پر زبردست احتجاج کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر مخدوم شاہ محمود قریشی، زین حسین قریشی کی رہائی کے لیے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر اسلم جٹ، رمیش کمار، تیرت کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مرشد مخدوم شاہ محمود قریشی اور مخدوم زادہ زین حسین قریشی کو بلاجواز گرفتار کیا گیا ہے جس پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ غوثیہ جماعت کے روحانی پیشوا کو فوری رہا کیا جائے، ورنہ احتجاج کا سلسلہ وسیع پیمانے پر شروع کریں گے۔ اس موقع پر غوثیہ جماعت کے سیکڑوں مریدین جذباتی انداز میں نعرے بازی کر رہے تھے۔