واٹرکارپوریشن کے شعبہ طب کو انشورنس کمپنی کے سپرد کرنے کا فیصلہ

122

کراچی (رپورٹ : محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ادارے میں کرپشن روکنے کے لیے فوری طور پر میڈیکل ڈپارٹمنٹ کو انشورنس کمپنی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق واٹر کارپوریشن میں طبی سہولیات کے شعبے میں بے قاعدگی اور بدعنوانی کی شکایت بڑھتی جارہی تھی جس کے باعث ادارے کی انتظامیہ نے پورے شعبہ میڈیکل کو انشورنس کمپنی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس فیصلے کے تحت تمام 10 ہزار سے زائد ملازمین کو ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ اس کارڈ کو دکھانے پر مختلف ہسپتالوں میں ملازمین کو صحت سے متعلق علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے کروڑوں روپے کے بجٹ کو درست طریقے سے استعمال کیا جانا ہے تاہم اس بارے میں تفصیلات جاننے کے لیے جب ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید صلاح الدین احمد سے رابطہ کیا گیا اور انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے اس بارے میں تفصیلات بتانے کی درخواست کی گئی تو انہوں نے اس پیغام کا جواب ہی نہیں دیا۔