نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ سے ہی عوام کے مسائل حل ہونگے ‘ عمر احمد

105

کراچی (پ ر) نظام مصطفیؐ کے نفاذ سے ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے اور ملک خوشحال ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی عمراحمد خان نے ایف سائوتھ ملیر میں جماعت اسلامی کے تحت محفل پیغام مصطفیؐ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرماڈل ٹائون یوسی 4کے چیئرمین کریم بخش‘ مقامی ناظم جماعت اسلامی فہد عرفان‘ وارڈ کونسلر تجمل حسین‘ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ علاقہ ملیر آزین شیخ بھی موجود تھے اور معروف نعت خواں حافظ عبدالعزیز رحمانی نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا جبکہ مولانا عبدالشکور نے نعت رسول مقبول پیش کی۔ عمر احمد خان نے مزید کہا کہ یہ ملک اللہ تعالیٰ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔ اس وعدہ کی خلاف ورزی کی وجہ سے قوم مشکلات و مصائب کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا نبی آخری الزماںنبی پاکﷺ سے محبت کا اظہار یہ نہیں کہ ان کی تعلیمات کا ہم صرف وردہی کرتے ہیںبلکہ ہمیں قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے عملی جدوجہد بھی کرنی چاہیے۔ یوسی چیئرمین کریم بخش نے کہا قرآن و سنت کا نفاذ ہی اس دھرتی کا مقدر بنے گا۔ انہوں نے اپیل کی کہ عاشقان رسول جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت کا ساتھ دیں۔ تجمل حسین نے کہا مسائل کا حل نظام مصطفی ؐکے نفاذ میں ہی پنہاں ہے۔